Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 دس سعودی طلبہ کو ووہان سے کیسے نکالا گیا ؟

طلبہ کو سعودی عرب منتقل کیا جارہا ہے۔فوٹو: اے ایف پی
چین میں متعین سعودی سفیر ترکی الماضی کے مطابق کرونا وائرس کی وبا میں مبتلا چینی علاقے ووہان سٹی سے دس سعودی طلبہ کو نکال لیا گیا ہے۔ انہیں سعودی عرب منتقل کیا جا رہا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی سفیر نے بتایا ’کلچرل اتاشی کے توسط سے سعودی طلبہ سے رابطہ کیا گیا۔ انہیں ووہان سے نکالنے کے لیے قانونی کارروائی کی گئی۔‘
 یاد رہے کہ ووہان کے علاقے میں کرونا وائرس پھیلا ہوا ہے۔ مقامی حکام اسے ملک کے دیگر علاقوں سے الگ تھلگ کیے ہوئے ہیں۔ یہاں سے کسی کو نکلنے کی اجازت نہیں۔

سعودی سفیر کے مطابق  چین میں 800 سعودی شہری موجود ہیں۔ فوٹو:سوشل میڈیا

سعودی سفیر کے مطابق ’چین میں 800 سعودی شہری موجود ہیں۔ یہ ہمارے ریکارڈ پر ہیں۔ ان میں سے دس طلبہ وبا والے علاقے میں تھے۔ ترجیحی بنیادوں پر بچوں اور خواتین کو نکالا جارہا ہے۔‘
 دریں اثنا سعودی حکام نے ہانگ کانگ میں موجود تمام سعودی شہریوں کو نکل جانے کا مشورہ دیا ہے۔ سعودی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ سے نکلنے کے لیے سفارتخانے سے رجوع کریں۔
 یاد رہے کہ سعودی وزارت صحت اعلان کرچکی ہے کہ مملکت میں ابھی تک چین والے کرونا وائرس کا کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں آیا۔

مملکت میں ابھی تک چین والے کرونا وائرس کا کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں آیا۔ فوٹو:سوشل میڈیا

سعودی عرب میں تمام ایئر پورٹس پر 'نئے کرونا' وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
 محکمہ سول ایوی ایشن اور وزارت صحت کے باہمی اشتراک سے ہوائی اڈوں پر چین سے آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شیئر: