Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹی پر سرعام تشدد کرنے والے کو کراچی پولیس نے گرفتار کر لیا

لڑکی اپنے باپ سے جاں بخشی کے لیے منتیں کر رہی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایک لڑکی پر ان کے والد کی جانب سے سر عام تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے لڑکی کے باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔
رضویہ پولیس سٹیشن کی حدود میں واقع جہانگیر آباد کے علاقے میں دلدار بھٹی نے اپنی بیٹی کو محلے داروں کے سامنے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد رضویہ تھانے کے ایس ایچ او نے ملزم اور واقعے کی جگہ کی نشاندہی کے لیے عوام سے مدد مانگی تھی۔
وڈیو کسی محلے دار نے گھر کی چھت سے بنائی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے دلدار اپنی بیٹی کو محلے والوں کے سامنے بے دردی سے مار رہا ہے اور لڑکی اس سے جاں بخشی کے لیے منتیں کر رہی تھی۔ لڑکی کو مار کھاتا دیکھ کر محلے داروں نے معاملے میں بیچ بچاؤ کی کوشش کی۔
ایس ایس پی سینٹرل اسلم راؤ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لوگوں کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی مدد سے پولیس نے ملزم دلدار کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا ہے۔
اس حوالے سے تھانہ رضویہ کے تفتیشی افسر انسپکٹر امتیاز احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس اس لڑکی کو ڈھونڈ رہی تھی جو اپنے گھر میں نہیں تھی۔ انسپکٹر امتیاز نے بتایا کہ پولیس نے لڑکی کو ڈھونڈ لیا ہے اور اس وقت اسے پولیس سٹیشن لایا جا رہا ہے جہاں پہ اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا جس کی روشنی میں ملزم دلدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ابھی تک اس واقعے کی باضابطہ شکایت درج نہیں ہوئی اسی لیے مقدمہ درج نہیں کیا جاسکا اور لڑکی کے بیان کا انتظار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کی جانب سے شکایت درج کروانے سے انکار کی صورت میں پولیس کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: