Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی اننگز اور 44 رنز سے جیت

نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے پہلے بنگلہ دیش کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 
میچ کے چوتھے دن پہلے سیشن میں ہی بنگلہ دیش کے پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ یاسر شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہیٹ ٹرک بھی کی۔
نسیم شاہ نے دوسری اننگز کے 41 ویں اوور میں اپنی چوتھی، پانچویں اور چھٹی گیند پر بالترتیب نجم الحسن، تیج اسلام اور محمود اللہ کو آؤٹ کیا۔ اسی کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
ہیٹ ٹرک سے قبل بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹسمین سیف حسن کو بھی 16 رنز پر نسیم شاہ نے بولڈ کیا تھا جبکہ تمیم اقبال 34 رنز بنا کر سپنر یاسر شاہ کا شکار بنے تھے۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد میتھن تھے جو بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔  
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 445 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 212 رنز کی برتری حاصل کی۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی نسیم شاہ تھے جنہوں نے دو رنز سکور کیے۔

بابر اعظم نے پہلی اننگز میں سنچری سکور کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے حارث سہیل 75 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیشن کی جانب سے ابو جاوید اور روبل حسین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیجل الاسلام نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تیسرے دن کا آغاز پاکستان کے لیے اچھا نہیں رہا اور بابر اعظم پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جس کے پانچ اوورز بھی اسد شفیق بھی آؤٹ ہو گئے۔ اسد نے 65 جبکہ بابر اعظم نے 143 رنز سکور کیے۔
بابر اعظم کی وکٹ ابو جاوید نے حاصل کی جبکہ اسد شفیق کو عبادت حسین نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی محمد رضوان تھے جنہوں نے دس رنز سکور کیے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ یاسر شاہ کی گری جو پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر شان مسعود اور بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت 342 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی اوپنر شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری تھی۔
شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 17 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔

پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن گراؤنڈ میں شائقین کی تعداد پہلے روز سے زیادہ رہی۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستانی کپتان اظہر علی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
جمعے کو 13 برس بعد میزبان پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کے لیے میدان میں اترنے والے بنگلہ دیشی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔
پاکستانی ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم 82.5 اوورز میں 233 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ محمد متھون کے 63 لٹن داس کے 33 نجم الحسین شانتو کے 44 رنز کے علاوہ کوئی بنگلہ دیشی بلے باز پاکستانی بولرز کی مزاحمت نہ کر سکا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 21.5 اوورز میں 53 رنز کی کفایتی بولنگ کی اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 17 اوورز میں 2 وکٹیں لیں، انہوں نے نو میڈن اوورز کرائے۔ غیرمستقل بولر کے طور پر آزمائے گئے حارث سہیل پاکستانی ٹیم کے لیے اچھا اضافہ رہے۔ انہوں نے چھ اوورز میں 11 رنز دیے اور دو میڈن اوورز کرا کے دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے ایک وکٹ لی جب کہ سپنر یاسر شاہ 22 اوورز میں 83 دے کر بھی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو میدان میں اتارا ہے جب کہ بنگلہ دیشی سائیڈ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سیف حسن سمیت دیگر کھلاڑیوں پر بھروسے کے باوجود بڑا سکور نہ سجا سکی۔

پانچویں بولر کے طور پر حارث سہیل نے دو وکٹیں لیں (فوٹو: پی سی بی)

سینتیسویں اوورز میں 220 گیندوں پر ٹیم کا مجموعی سکور 100 کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو 200 کے ہندسے تک پہنچنے کے لیے 451 گیندیں کھیلنا پڑیں۔ پہلے اوور میں ہی وکٹ کھونے والی میزبان ٹیم صرف تین نصف سنچری شراکتیں قائم کر سکی تھی۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر کی گئی پریس کانفرنس میں بیٹنگ کارکردگی اور ممکنہ حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے نجم الحسن شانتو کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم توقع سے کم سکور پر آؤٹ ہوئی تاہم وہ پاکستانی وکٹیں جلد حاصل کر کے میچ میں واپس آ سکتے ہیں۔

میزبان ٹیم کے خلاف پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو: پی سی بی

میچ سے قبل پاکستانی کپتان اظہر علی نے کہا تھا کہ راولپنڈی کے ٹیسٹ میچز نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں ٹیسٹ سیریز کے ہر میچ کو اہم سمجھ کر کھیلیں گے۔
پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹیسٹ کے لیے کیے گئے انتظامات پر شائقین اور ملحقہ علاقوں کے مکین نسبتا مطمئن دکھائی دیے۔ سوشل میڈیا صارفین نے راستوں کو کھلا رکھنے کی کاوش پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شان مسعود (اوپنر)، عابد علی (اوپنر)،اظہر علی (کپتان) بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان (وکٹ کیپر) ، یاسر شاہ (سپنر)، محمد عباس (فاسٹ بولر)، شاہین شاہ آفریدی (فاسٹ بولر) اور نسیم شاہ (فاسٹ بولر) شامل ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں