پاکستان میں نمائش، چینی صنعتکار شرکت سے انکاری

’یہ درست ہے کہ چینی صنعتکار پاکستان نہیں آ رہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دوا ساز کمپنیوں سے متعلق منعقد ہونے والی سالانہ نمائش میں چینی صنعتکاروں نے آنے سے انکار کر دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاک فارما اینڈ ہیلتھ کئیر ایکسپو کے ڈائریکٹر کامران عباسی نے بتایا کہ ’یہ درست ہے کہ چینی صنعتکار پاکستان نہیں آ رہے اور اس کی وجہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال ہے کیونکہ چین کی حکومت اپنے شہریوں کی آمدورفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔‘
خیال رہے کہ دوا ساز کمپنیوں کی سالانہ بین الاقوامی نمائش ایکسپو سنٹر لاہور میں 11 فروری سے شروع ہو رہی ہے جو کہ 13 فروری تک جاری رہے گی۔
کامران عباسی کے مطابق دیگر ممالک سے مندوبین پاکستان آرہے رہے ہیں جن میں جاپان، ترکی، ملائشیا، تائیوان اور کوریا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کل 65 دوا ساز کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کامران عباسی نے مزید بتایا کہ ’14 سے 15 چینی کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کر رہی تھیں جن کے چینی صنعتکار پاکستان آ رہے تھے اور ہماری اطلاعات کے مطابق کچھ کے ویزے بھی لگ چکے تھے تاہم اب ہمیں باضابطہ طور پر بتا دیا گیا ہے کہ چینی صنعتکار اس نمائش میں شرکت کے لیے نہیں آرہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ نمائش صرف پاکستان کی دوا ساز کمپنیوں کے لیے اہم نہیں ہے بلکہ دیگر ممالک کے لیے بھی اہم ہے اور اس میں اس شعبے سے جڑے تمام افراد شریک ہو رہے ہیں۔

شیئر: