Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کمرتوڑ مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ کے آج کے فیصلوں سے کمر توڑ مہنگائی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 
چینی کی برآمد پر پابندی لگا دی گئی ہے اور دردآمد پر سے پابندی اٹھا دی گئی ہے، بیس کلو کا آٹے کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہو گا۔
انہوں نے کہا حکومتی اقدامات کی وجہ سے چاول اور دالوں کی قیمتوں میں پندرہ سے بیس روپے کمی آئے گی۔ ان کے مطابق حکومت نے لوگوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے مرحلہ وارسپورٹ پروگرام ترتیب دیا ہے۔
’یوٹیلیٹی سٹورکارپوریشن کوآئندہ  پانچ ماہ تک ماہانہ دو ارب سبسڈی فراہم کی جائےگی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ چاول اوردالوں کی قیمتوں میں 15سے 20 روپے کمی کی جائےگی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان سے پہلے راشن کارڈ کا اجرا کر دیا جائے گا۔ کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے درآمد پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی ہے۔
’دو ہزار یوتھ سٹورز کھولے جائیں گے جس سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا‘ ان کا کہنا تھا کہ یوتھ سٹورز کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت بلاسود قرضےدیےجائیں گے۔

حج پالیسی 2020 کی منظوری

اس موقع پر حج پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے بتایا کہ کابینہ نے حج پالیسی 2020 کی منظوری دے دی ہے۔
 انھوں نے کہا کہ حج اخراجات کے حوالے سے بہت لے دے ہوئی ہے۔ ’میں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر سعودی عرب کا دورہ کیا اور معاملات کا جائزہ لیا۔‘ 

قادری کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو ملائیشیا کے حج ماڈل پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے (فوٹو: اے پی پی)

انھوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کہا گیا کہ 5 لاکھ 50 ہزار تک اخراجات کا تخمینہ سامنے آیا۔ ’ہم نے دو ہفتے کی محنت سے اس کو نارتھ ریجن سے چار لاکھ 90 ہزار اور ساوتھ سے 4 لاکھ 80 ہزار روپے رکھا ہے۔‘
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جج اخراجات میں جہازوں کے کرائے، ویزہ فیس، ٹرانسپورٹ، مہنگی رہائش اور حج انتظامات میں بہتری لانے کے سعودی اقدامات کے باعث اضافہ ہوا ہے۔ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ان میں مزید کمی لائی جا سکے، وہ لائیں گے اور بچ جانے والی رقم حجاج کو واپس کریں گے۔‘
انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو ملائیشیا کے حج ماڈل پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: