Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چینی اور آٹا مہنگا ہونا حکومتی کوتاہی ہے‘

’میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے‘ (فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’آٹا اور چینی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں اور میرا وعدہ ہے کہ مہنگائی کر کے  پیسہ بنانے والے کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے۔‘
سنیچر کو لاہور میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’میں تسلیم کرتا ہوں کہ چینی اور آٹا جو مہنگا ہوا ہے اس میں ہماری کوتاہی ہے۔ حکومت معاملے کی انکوائری کر رہی ہے اور ہمیں پتا چل رہا ہے کہ کس طرح کے طبقوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے، مہنگائی سے پیسہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سابق حکومت کی جانب سے ورثے میں ملنے والا بڑا خسارہ بھی مہنگائی کی ایک وجہ ہے۔‘
’روپے کی قدر میں کمی سے تیل، گھی اور دالوں کی قیمت میں اضافہ ہوا کیونکہ یہ چیزیں ہم باہر سے درآمد کرتے ہیں، حکومت آئندہ اس طرح کی صورت حال سے بچنے کے لیے مطلوبہ مصنوعات برآمد کرنے سمیت دیگر پیشگی اقدامات کرے گی۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’ہم ملک میں موجود مافیاز کو شکست دیں گے اور عدل و انصاف کا نظام رائج کریں گے۔‘
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ’ایک وقت آئے گا جب باہر سے لوگ پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے وضاحت کی کہ ’میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے۔ میں نے کہا تھا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق عظیم ملک بنائیں گے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ آٹا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، فوٹو: اے ایف پی

ان کے بقول ’حکومت ہسپتالوں کے نظام میں تبدیلیاں لا رہی ہے، ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کی جا رہی بلکہ انہیں خود مختاری دی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سرکاری ہسپتالوں میں بھی سزا اور جزا کا عمل ہونا چاہیے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ سرکار ہسپتال نہیں بنا سکتی، ہم چاہتے ہیں کہ نجی شعبے آگے آئے اور ہسپتال بنائے اور اسی لیے ہم نے میڈیکل آلات پر ڈیوٹی ختم کر دی ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’بعض چینلز منصوبہ بندی کے تحت حکومت کے خلاف مہنگائی کے حوالے سے پروپیگینڈا کر رہے ہیں۔‘

وزیراعظم کے مطابق چند چینلز مہنگائی کے حوالے سے پروپیگینڈا کر رہے ہیں، فوٹو: اے پی پی

’یادرکھیں کہ ریاست مدینہ بھی پہلے روز ہی نہیں بن گئی تھی، وہ بھی پہلے تین چار سال مشکل میں تھی، اس دوران مسلمانوں کی بقا بھی مشکل میں تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری حکومت بھی ریاست مدینہ کے راستے پر چل رہی ہے۔‘
’پنجاب میں 72 لاکھ ضرورت مند خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘

شیئر: