Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے امداد

روہنگیا پناہ گزینوں میں چالیس ہزار مویشیوں کا گوشت تقسیم کیا گیا ہے۔فوٹو: الیوم
سعودی عرب کے الاضاحی ( قربانی ) پروگرام کے تحت بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں میں چالیس ہزار مویشیوں کا گوشت تقسیم کیا گیا ہے۔
 ذبیحوں کی تقسیم کا عمل بنگلہ دیش میں موجود سعودی سفارتکاروں کی زیر نگرانی عمل میں آیا ہے۔
مملکت میں الاضاحی پروگرام کے سپروائزررحیمی احمد نے سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’گزشہ حج سیزن کے بعد قربانی کے گوشت کی تقسیم کا یہ دوسرا بڑا مرحلہ ہے جس کے تحت بنگلہ دیش کے کیمپوں میں میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں میں گوشت تقسیم کیاگیا‘۔
انہوں نے مزید کہا ’الاضاحی پروگرام ‘ کے تحت ہر سال تین لاکھ سے زائد ذبیحے( قربانی کا گوشت) دنیا بھر میں مستحقین میں تقسیم کیے جاتے ہیں جبکہ چھ لاکھ کے قریب ذبیحے مملکت کے مستحق افراد تک پہنچائے جاتے ہیں‘۔
دریں اثنا بنگلہ دیش میں وزارت امدادو قدرتی آفات کے ذمہ داروں کی جانب سے مملکت کے ’قربانی منصوبے ‘ کو سراہتے ہوئے اسے ضرورت مندوں کے لیے انتہائی مفید منصوبہ قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں بنگلہ دیشی وزارت امداد اور سعودی سفارتکاروں کے اشتراک سے متعدد پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں روہنگیا پناہ گزینوں کو رجسٹرڈ کرنے کے بعد ان میں گوشت تقسیم کیاجاتاہے۔
واضح رہے مملکت کی جانب سے قائم الاضاحی پروجیکٹ انتہائی مفید ہے جس کے تحت ہر سال حج کے موقع پر قربانی کے جانوروں کا گوشت حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر منجمد کیاجاتا ہے بعدازاں انہیں پلاسٹک کی تھیلوں میں پیک کرنے کے بعد کارٹنوں میں محفوظ طریقے سے دنیا بھر میں ضرورت مند خاندانوں تک پہنچایا جاتاہے۔
الاضاحی منصوبے کے تحت سال بھر گوشت کی تقسیم کا عمل جاری رہتا ہے۔ منصوبے سے قبل لاکھوں کی تعداد میں ذبیحے تلف کر دیئے جاتے تھے۔
 جب سے یہ منصوبہ شروع ہوا ہے گوشت دنیا بھر میں محفوظ طریقے ضرورت مندوں تک پہنچایا جاتا ہے جس سے بڑی تعداد میں ضرورت مند خاندان مستفیض ہوتے ہیں۔

شیئر: