Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان سے تعلقات میں بہتری آئی ہے‘

امریکی صدر ٹرمپ پہلی بار انڈیا کے دورے پر آئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور انڈیا سخت گیر اسلام کے خلاف لڑنے کے لیے متحد ہیں۔
پیر کو انڈیا پہنچنے کے بعد احمد آباد میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ’ہر قوم کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنے اور کنٹرول کرنے کا حق ہوتا ہے۔ امریکہ اور انڈیا کے درمیان دہشت گردی اور ان کے نظریات کے خلاف جنگ پر اتفاق پایا جاتا ہے اسی لیے جب سے میں نے اقتدار سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دہشت گرد تنظیموں اور پاکستانی سرحد پر سرگرم عسکری کیمپوں کے خلاف کارروائی کے لیے مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔ ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’انہی کوششوں کی بدولت ہم پاکستان کے ساتھ بڑی پیش قدمیوں کی نشانیاں دیکھنا شروع کر رہے ہیں۔ اور ہم امید کرتے ہیں کہ کشیدگی میں کمی، مستقبل میں استحکام، جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے لیے انڈیا کو اہم رہنما کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بہتر مستقبل تشکیل دیا جا سکے، اس کے لیے انڈیا پر مسائل کے حل اور امن کی ترویج کے لیے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘
امریکی صدر نے انڈین وزیراعظم کے ہمراہ خطاب میں کہا کہ ان کا ملک بہترین فوجی سازوسامان بناتا ہے اور اب وہ انڈیا کے ساتھ اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ’کل ہم تین ارب ڈالر کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ ہم انڈیا کو اپنا اچھا ڈیفنس پارٹنر بنانا چاہتے ہیں۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا ’میں ان اقدامات کے لیے آپ کا مشکور ہوں جو آپ نے میرے محبوب وطن کے لیے کیے۔ امریکہ کی معشیت اوپر جا رہی ہے۔ میں انڈیا کے ساتھ تعلقات میں وسعت پیدا کرنے کے لیے آیا ہوں۔ ہمارے تعلقات کو اس وقت ایک نیا موڑ ملے گا جب انڈیا اور امریکہ مل کر فوجی مشقیں (ٹائیگر  ٹرائی امف) کریں گے۔‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم بہتر فوجی سامان بناتے ہیں اور اب ہم انڈیا کے ساتھ ڈیل کر رہے ہیں۔ کل ہم تین ارب ڈالر کی ڈیفنس ڈیل پر دستخط کریں گے۔‘ امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں انڈیا ہمارا اچھا ڈیفنس پارٹنر بنے۔ پاکستان کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں