Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ مودی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر بات ہوگی

صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ کے ہمراہ تاج محل بھی گئے اور تصاویر بنائیں فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انڈیا کے دورے میں منگل کو وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مستقبل کے منصوبوں پر بات کریں گے۔
انڈیا کے دورے کے دوسرے دن صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کو راشٹر پتی بھون میں استقبالیہ دیا گیا۔ امریکی صدر نے راج گھاٹ میں مہاتما گاندھی کی سمادھی جا کر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دو روزہ دورے میں منگل کی دوپہر حیدر آباد ہاؤس میں وزیراعظم نریندر مودی سے وفود کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ امریکی سفارت خانے میں منعقد تقریبات میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ صنعت کاروں سے ملیں گے۔
منگل کی شام صدر ٹرمپ کے انڈین صدر رام ناتھ کووند سے راشٹر پتی بھون میں ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ہی ان کا انڈیا کا دورہ مکمل ہو جائے گا۔
پیر کو انڈیا پہنچنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے نریندر مودی کے ہمراہ گجرات میں احمد آباد کے موٹیرا کرکٹ سٹیڈیم میں ہزاروں افراد سے خطاب کیا تھا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’ہر قوم کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنے اور کنٹرول کرنے کا حق ہوتا ہے۔ امریکہ اور انڈیا کے درمیان دہشت گردی اور ان کے نظریات کے خلاف جنگ پر اتفاق پایا جاتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب سے میں نے اقتدار سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دہشت گرد تنظیموں اور پاکستانی سرحد پر سرگرم عسکری کیمپوں کے خلاف کارروائی کے لیے مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔ ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: