Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے معیشت پر اثرات، ریاض میں تجارتی کانفرنس

’ٹریڈ ڈائیلاگ‘ میں 200 تجارتی ماہرین اور دیگر نمائندگان شریک ہوں گے۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تجارت کے فروغ پر کانفرنس کا انعقاد آج منگل کو ہونے جا رہا ہے۔
’ایشین ہاؤس ٹریڈ ڈائیلاگ‘ میں تقریباً  200 تجارتی ماہرین اور دیگر ممالک کے نمائندگان ایک روزہ تقریب میں شرکت کریں گے۔
برطانوی کمپنی ایشیا ہاؤس میں ایشیا میں تجارت اور سرمایہ سے متعلق معاملات اور یورپ اور ایشیائی ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کے مواقع پر تحقیق  کی جاتی ہے۔
سعود عرب میں ایشیا ہاؤس کے زیر اہتتمام یہ پہلی کانفرنس ہے جو سعودی برطانوی بینک کے تعاون سے منعقد ہو رہی ہے، جبکہ ’عرب نیوز‘ کانفرنس کا میڈیا پارٹنر ہے۔
کانفرنس میں عالمی تجارت، کاروبار میں خواتین کا کردار اور قابل تجدید ٹیکنالوجی جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
چین میں موجود تجارتی ماہرین لائیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوں گے اور کورونا وائرس کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ ’سنٹر فار چائنہ اینڈ گلوبلائزیشن‘ کے نائب صدر وکٹر گاؤ کانفرنس کے شرکا کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
ایشیا ہاؤس کے سربراہ لارڈ گرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کا دائرہ وسیع کر رہے ہیں، اس صورتحال میں مشرق وسطیٰ کا کردار عالمی تجارت میں بے حد اہمیت رکھتا ہے۔

جی 20 کا سالانہ اجلاس رواں سال نومبر میں سعودی عرب میں منعقد ہوگا فوٹو اے ایف پی

لارڈ گرین ایچ ایس بی سی بینک کے چیئر مین بھی ہیں اور سابق برطانوی وزیر تجارت بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی ڈائیلاگ سعودی عرب میں منعقد کرنے سے خطے میں معاشی تندیلیوں پر تحقیق کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایک ہزار سے زیادہ بین الاقوامی کمپنیوں نے سعودی عرب میں کاروباری دلچسپی لیتے ہوئے نئے آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔
سعودی برطانوی بینک کی سربراہ لبنیٰ اولایان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی ترقی میں تجارت کا ہمیشہ سے اہم کرداد رہا ہے۔ اور آج کے دور میں جب مشرق وسطیٰ اور مشرقی ایشیا کے مابین روابط بڑھ رہے ہیں، تو تجارت کی اہمیت بھی مزید اجاگر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے مشرق وسطیٰ اور مشرقی ایشیا کے درمیان تجارت کے مواقع وسیع کرنے میں مدد ہوگی۔
کانفرنس کا افتتاح سعودی عرب کے ادارہ برائے سرمایہ کاری کے گورنر جنرل ابراہیم العمر کریں گے۔
بیس بڑی عالمی معاشی طاقتوں پر مشتمل گروپ جی 20 کا سالانہ اجلاس بھی اس سال نومبر میں سعودی عرب میں منعقد ہوگا۔

شیئر: