Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمرہ زائرین پر عارضی پابندی مگر حج انتظامات جاری رہیں گے‘

سعودی سفیر کے مطابق عمرہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بعد پابندی اٹھا لی جائے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے سعودی عرب کی طرف سے عمرہ زائرین پر عارضی پابندی کے باوجود اس سال حج کے انتظامات معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
وزرات مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی کے مطابق اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت عمرہ زائرین کے معاملے پر سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
اس موقعے پر پاکستان میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین پر پابندی عارضی ہے اور جن عمرہ زائرین کے ویزے کی معیاد ختم ہونے والی ہے ان کے ویزے میں توسیع کرا دی جائے گی۔
سعودی سفیر نے واضح کیا کہ یہ پابندی صرف پاکستانی زائرین پرعائد نہیں ہے بلکہ اس میں 22 دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔
عمرہ زائرین کی حفاظت کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کرنے کے بعد پابندی اٹھا لی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور اسی سلسلے میں اگلے ہفتے پھر سے سعودی سفیر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اردو نیوز سے رابطہ کرنے پر وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی نے کہا کہ پاکستانی عوام کو حج کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ابھی اس میں چار ماہ کا وقت باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج کی درخواستوں کی وصولی مختلف بینکوں میں بدستور جاری ہے اور جمعے کی شام تک 50 ہزار کے قریب پاکستانیوں نے سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں جمع کروائی ہیں اور صرف جمعے کے دن بھی 10 ہزار کے قریب درخواستیں وصول کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی عرب سے رابطے میں ہے اور حج کے حوالے سے ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے باعث عمرے یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گذشتہ سال پاکستان سے سب سے زیادہ تعداد میں عمرہ زائرین سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
سعودی عرب کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے باعث عمرے پر عارضی پابندی کی وجہ سے پاکستانی عمرہ زائراین کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ اعداد و شمار گذشتہ برس کے ہیں (فوٹو: سعودی وزارت حج و عمرہ)

سعودی عرب میں عمرے کے اعدادوشمار جاری کرنے والے ادارے کے مطابق رواں برس 17 جنوری تک عمرہ سیزن میں آنے والے زائرین کی تعداد 25 لاکھ 95 ہزار 830 تک پہنچ چکی تھی، جبکہ 22 لاکھ 10 ہزار 41 زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب سے آچکے  تھے۔
’عمرہ ویزے پر آنے والوں میں پاکستانی زائرین سرفہرست تھے جن کی اب تک کی تعداد چھ لاکھ ایک ہزار 880 تک پہنچ چکی ہے۔‘
پاکستان سمیت مسلم ممالک سے ماہ رمضان سے پہلے اور اس ماہ کے دوران زائرین کی بڑی تعداد عمرہ کرنے سعودی عرب جاتی ہے اور اگر گذشتہ برس کے اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو رواں عمرہ سیزن  کے دوران ممکنہ طور پر مزید نو لاکھ زائرین عمرہ ویزے پر سعودی عرب آمد متوقع ہے۔
تاہم اب کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر عمرہ ویزے پر داخلے کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی زائرین کو سب سے زیادہ مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

گذشتہ برس 72 لاکھ ایک ہزار 851 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ سال عمرہ سیزن کے دوران 30 مئی 25 رمضان تک 75 لاکھ 84 ہزار 424 عمرہ ویزے جاری کیے گئے جن میں سے 72 لاکھ ایک ہزار 851 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے تھے۔
ادارے کی جانب سے شیئر کیے جانے والے اعدادوشمار میں پاکستانی عمرہ زائرین سرفہرست تھے جن کی تعداد 15 لاکھ 90 ہزار 731 تھی، اور اس کے بعد انڈونیشیا سے آنے والے زائرین تھے جن کی تعداد نو لاکھ 46 ہزار 962 تھی۔ تیسرے نمبر پر انڈین اور چوتھے نمبر پر مصر کے عمرہ زائرین تھے۔

شیئر: