Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان نہیں جاؤں گا‘: مشفیق الرحیم اپنے فیصلے پر قائم

’میں پاکستان کا دورہ کرنے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے حوالے سے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے۔
مشفیق الرحیم کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نجم الحسن نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ ’معاہدے کے مطابق مشفیق بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے کے پابند ہیں۔‘
 بنگلہ دیش کے ’این ٹی وی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے بارے میں میرا موقف واضح ہے جسے بی سی بی نے بھی قبول کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ میں میرا نام نہ ڈال کر پاکستان کو میرے لیے احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، میرا فیصلہ بالکل واضح ہے جو مستقبل میں بھی تبدیل نہیں ہوگا۔ میں پاکستان کا دورہ کرنے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ دورہ پاکستان پر بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی20 میچز کھیل چکی ہے جبکہ مہمان ٹیم نے سات سے 10 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
پاکستان میں اس وقت پی ایس ایل کے میچز ہورہے ہیں، پی ایس ایل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ سے نو اپریل تک کراچی میں ہوگا۔
مشفیق الرحیم جنہوں نے رواں ہفتے زمباوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری سکور کی ہے، نے پاکستان کا دورہ کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا تھا کہ ان کی فیملی کو اس دورے پر تشویش ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بی سی بی کے صدر نجم الحسن نے رواں سال جنوری میں دورہ پاکستان کا حتمی شیڈول جاری کرنے سے قبل اعلان کیا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اپنے فیصلے کرنے کا مکمل حق ہے۔

بنگلہ دیش نے پاکستان آکر ٹی20 سیریز کھیلی تھی (فوٹو: کرک انفو)

تاہم اب بنگلہ دیش کی زمباوے کے خلاف فتح کے بعد نجم الحسن نے ’یوٹرن‘ لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مشفیق کے فیصلے پر مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں توقع ہے کہ وہ جائیں گے، ناصرف انہیں بلکہ بی سی بی کے کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو پاکستان جانا چاہیے، کھلاریوں کو صرف اپنے بارے میں نہیں بلکہ ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سب کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے، ہم انہیں یاد نہیں دلائیں گے کہ معاہدہ کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب ہونے پر کھیلنا پڑے گا۔‘

شیئر: