Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ: افغانستان کو ہرا کر پاکستان 1962 کے بعد پہلی مرتبہ کسی فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں

عمر نواز کے ابتدائی اور ہارون حمید کے آخری لمحات میں کیے گئے شاندار گول کی بدولت پاکستان نے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے اہم گروپ میچ میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے چار ملکی ایونٹ کے راؤنڈ رابن مرحلے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔
پاکستانی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں شائق دوست کی عمدہ کراس پر عمر نواز نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔
ابتدائی گول کے بعد پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جبکہ افغان ٹیم کو مؤثر حملوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
پہلے ہاف میں شائق دوست، عمر نواز اور اوٹس خان نے افغان دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ 30 ویں منٹ کے قریب اوٹس خان کے عمدہ پاس پر عیسیٰ سلیمان کو گول کرنے کا موقع ملا تاہم ان کا شاٹ کراس بار کے اوپر سے گزر گیا۔
ہاف ٹائم سے قبل افغانستان کو برابری کا سنہری موقع ملا لیکن کپتان امید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی، یوں پاکستان ایک گول کی برتری کے ساتھ وقفے میں گیا۔
دوسرے ہاف میں افغانستان نے واپسی کی کوشش کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم پاکستانی دفاع نے حریف کو کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔ ایک گھنٹے کے کھیل کے بعد شائق دوست کے خوبصورت پاس پر علی آغا کو برتری دگنی کرنے کا موقع ملا لیکن وہ گول کیپر کو شکست دینے میں ناکام رہے۔
میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا، تاہم انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں عادل نبی کے پاس پر ہارون حمید نے زوردار شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 10 جون کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ افغانستان یا بنگلہ دیش میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔
یہ قومی فٹبال ٹیم کی ایک تاریخی کامیابی بھی ہے، کیونکہ پاکستان 1962 کے مردیکا کپ کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ مزید برآں، مالدیپ کے خلاف حالیہ 3-0 کی فتح کے بعد یہ قومی ٹیم کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، جس نے شائقین فٹبال میں نئی امید پیدا کر دی ہے۔

شیئر: