Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: کورونا کے باعث ہوائی سفر کا شعبہ بدترین بحران کا شکار

کویت میں ہوائی سفر کے شرح میں 80 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے ( فوٹو: القبس)
کویت میں ہوائی سفر کا شعبہ بدترین بحران کا شکار ہے جبکہ امارات اور الجزائر میں کورونا کے نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں ہوائی سفر کے شرح میں 80 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے جبکہ شعبے سے وابستہ کمپنیوں کو بڑے خسارے کا سامنا ہے۔
مقامی اخبار القبس کے مطابق ہوائی سفر کے شعبے کے ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوائی سفر کا شعبہ انتہائی متاثر ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’کورونا کے خوف سے لوگوں نے ہوائی سفر ملتوی کردیئے ہیں۔ اس سے نہ صرف کویت بلکہ دیگر کئی ممالک بھی متاثر ہیں۔‘
ماہرین نے بتایا ہے کہ ’کورونا کا خوف اس قدر چھایا ہوا ہے کہ لوگ وبا زدہ ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کی طرف جانا پسند نہیں کر رہے جہاں کورونا نہیں ہے۔‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’کویت سے دبئی، دوحہ یا دوسرے خلیجی ممالک کے لیے جس فلائٹ میں 360 مسافر ہوا کرتے تھے، اب 10 سے 12 افراد سفر کرتے ہیں۔‘
ماہرین نے بتایا ہے کہ ’حالت یہ ہے کہ نئی بکنگ بالکل بند ہے بلکہ پرانی بکنگ بھی لوگ منسوخ کر کے رقم واپس لے رہے ہیں‘۔

سیاحت کی غرض سے سفر کرنے والوں میں سے 60 فیصد نے بکنگ منسوخ کردی ہے ( فوٹو: القبس)

ماہرین نے کہا ہے کہ ’کاروباری مقاصد کے لیے سفر انتہائی محدود ہوگیا ہے جبکہ سیاحت کی غرض سے سفر کرنے والے لوگوں میں سے 60 فیصد نے بکنگ منسوخ کروادی ہے۔‘
  • امارات
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 6 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
اماراتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’نئے مریضوں میں دو روسی، دو اٹلی، جرمنی اور کولمبیا کے ایک ایک شہری ہیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد کو ملک میں رہتے ہوئے وائرس منتقل ہوا تھا۔ ان کا وائرس کے شکار مریض سے میل جول رہا تھا۔‘
  • الجزائر
دوسری طرف الجزائر میں کل منگل کو کورونا کے تین نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الجزائری محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’تینوں مریض ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔‘
الجزائری حکام نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں کے انکشاف کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی ہے‘۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس کے مریضوں میں سے ایک اٹلی کا باشندہ ہے جو الجزائر تیل کمپنی میں کام کرتا ہے۔‘

شیئر: