Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہنگائی پر بولا تو نیب نے طلب کر لیا‘

نور عالم کے مطابق نیب کا کیس ان کی مہنگائی کے خلاف تقریر کا ردعمل ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مہنگائی کے خلاف قومی اسمبلی میں تقریر کی وجہ سے قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کو طلب کرکے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ان سے تفتیش کی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نور عالم خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کہ نیب خیبر پختونخوا نے انہیں 28 فروری کو طلب کیا اور ان سے آمدن کے ذرائع پوچھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیب کو بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کے پاس ان کی جائیداد کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔ ’میرا خاندان کئی صدیوں کا حساب دینے کو تیار ہے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیب کا کیس ان کی مہنگائی کے خلاف تقریر کا ردعمل ہے۔
یاد رہے نور عالم خان این اے 27 پشاور ون سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ انہوں نے گذشتہ سال 16 ستمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تنقید کی تھی۔
حکومتی رکن کی تنقید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر خزانہ کو بلا کر پوچھیں یہ چیزیں مہنگی کیوں ہو رہی ہیں؟
انہوں نے کہا تھا کہ ’بتایا جائے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا معاہدہ ہوا ہے؟‘ ’خاموش نہیں رہ سکتا ایسی 10 سیٹیں قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔ احتساب صحیح ہونا چاہیے دوتین کا کرنا ہے تو بند کر دیں۔‘

نور عالم نے تقریر کے دوران کہا تھا کہ احتساب صحیح ہونا چاہیے (فوٹو: ٹوئٹر)

اس کے بعد پاکستانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مبینہ طور پر نور عالم کو ڈانٹ پلائی اور انہیں کہا کہ انہیں کیا پیپلز پارٹی اور نواز دور میں مہنگائی کر ذکر کرنا یاد نہیں رہا تھا؟

شیئر: