Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فلمز کی ہولی:’رنگ برسے بھیگے چنر والی‘

فلم شعلے میں گبر سنگھ اپنے خاص انداز میں پوچھتے ہیں۔ کب ہے ہولی؟ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں منگل کے روز ہولی منائی جا رہی ہے تاہم کورونا وائرس سے خوف کے سبب اس کے جوش و خروش میں کمی ہو سکتی ہے۔
ہولی کے تہوار کو روایتی طور پر جشن بہار، جشن رنگ اور جشن محبت کے طور پر منایا جاتا ہے۔’ہولی‘ بالی وڈ کی فلموں میں رنگ بھرنے کا ایک وسیلہ رہا ہے جسے آپ نے شاید بہت سی فلموں میں دیکھا ہو۔
بالی وڈ میں سلور سکرین پر تو ہولی کے رنگ ہوتے ہی ہیں بالی وڈ کی اصل زندگی میں بھی ہولی بہت دھوم دھام سے منائی جاتی ہے۔
چلیے بات کرتے ہیں بالی وڈ کی چند اہم فلموں کی جن میں ہولی کی عکاسی اور منظر کشی ناقابل فراموش ہے۔ انڈیا کی سب سے بڑی تین فلموں میں یہ بہت ہی نمایاں ہے۔ فلم مغل اعظم کا گیت 'موہے پنگھٹ پر نندلال چھیڑ گیو رے' ہولی کی اپنے زمانے کی بہترین عکاسی ہے جو مغل دور میں ہولی کے چلن کی تاریخی حقیقت کو دکھاتی ہے۔
انڈیا کی پہلی رنگین فلم 'آن' میں ہولی کے منظر کو انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس فلم میں 'کھیلو رنگ ہمارے سنگ، آج دن رنگ رنگیلا آیا' نے ایک نئی روش کی بنیاد رکھی۔ پہلی بار بلیک اینڈ وائٹ سے نکل کر ہولی کے رنگ انڈیا کے پردۂ سیمیں پر اڑتے نظر آئے۔
فلم میں دلیپ کمار، نمی، نادرہ اور پریم ناتھ کی چوکری دھما چوکری مچاتی نظر آتی ہے۔
فلم 'آن' کے بعد آنے والی انڈیا کی سب سے بڑی فلم 'مغل اعظم' میں ہولی کے تہوار کو خوبصورت انداز میں مدھوبالا پر فلمایا گیا ہے جبکہ انڈیا کی جانب سے پہلی بار آسکر میں نمائندگی کرنے والی ہدایتکار محبوب خان کی فلم ’مدر انڈیا‘ میں بھی ہولی کو انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

ہولی کے تہوار نے انڈیا میں فلموں کو نیا موڑ اور نیا جوش دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

'ہولی آئی رے کنہائی رنگ برسے' کے مکھڑے والے گیت پر اداکارہ نرگس کے ساتھ راجکمار ہیں جبکہ فلموں میں ان کے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے اداکا راجیندر کمار اور سنیل دت بھی ہیں۔
یہ گیت اور فلم دونوں بالی وڈ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اس کے بعد اگر سب سے زیادہ کوئی فلم ہولی کے مناظر کے لیے مشہور ہے تو وہ فلم شعلے ہے جس میں گبر سنگھ یعنی اداکار امجد خان اپنے انداز میں پوچھتے ہیں۔ کب ہے ہولی؟ ہولی کب ہے؟ اور اسی کے ساتھ ہولی کا تہوار اپنے پورے شباب کے ساتھ پردے پر ابھرتا ہے۔
فلم کا گیت ایک طرح سے امر ہو گیا۔ شاید آپ نے کہیں سن رکھا ہو 'ہولی کے دن دل کھل جاتے ہیں، رنگوں میں رنگ مل جاتے ہیں'۔ اس گیت میں دھرمیندر اور ہیما مالنی کے ساتھ امیتابھ اور جیا بھادری بھی ہیں۔
فلم ’کٹی پتنگ‘ میں آشا پاریکھ اور راجیش کھنہ پر فلمایا جانے والا گیت ’آج نہ چھوڑیں بس ہم جولی، کھیلیں گے ہم ہولی' لتا منگیشکر اور کشور کمار کی آواز میں انتہائی مقبول گیت رہا ہے۔

ہولی کے تہوار کو روایتی طور پر جشن بہار، جشن رنگ اور جشن محبت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

امتیابھ بچن، ریکھا اور جیا بھادری پر فلمایا جانے والا فلم سلسلہ کا گیت 'رنگ برسے بھیگے چنر والی' نہ صرف اپنے زمانے کا ہولی کا مشہور گیت ہے بلکہ اس میں محبت کا وہ ٹرائینگل پیش کیا گیا ہے جس پر برسوں تک افواہوں کا بازار گرم رہا۔
اسی طرح فلم 'باغ بان' کی ہولی ہو یا پھر فلم 'ڈر' کی ہولی یا پھر فلم 'مشعل' کی ہولی جس میں انیل کپور کا کہنا ہے کہ دوگر بھٹی سے اچھی کہیں کی ہولی نہیں ہوتی۔ اس فلم میں دلیپ کمار اور وحیدہ رحمان کے ساتھ انیل کپور اور رتی  اگنی ہوتری کی جوڑی ہے۔ فلم ’محبتیں‘ میں ایشوریہ رائے اور شاہ رخ خان ہولی کے رنگ میں رنگے نظر آتے ہیں۔
ہولی کی عکاسی اپنے زمانے کی بہت ہی مقبول فلم 'ندیا کے پار' میں بھی ہوئی ہے اور 'جوگی را سا را را را' آج بھی ہولی کی کسی بھی تقریب میں گائی جاتی ہے۔
غرض کہ ہولی کے اس تہوار نے انڈیا میں فلموں کو نیا موڑ، نئی بلندی اور نیا جوش دیا ہے۔

شیئر: