Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر:موسلادھار بارش، شاہراہیں اور تعلیمی ادارے بند

محکمہ موسمیات نے تیز بارش کے حوالے سے پہلے ہی خبردارکردیا تھا۔ فوٹو سکائی نیوز
مصری دارالحکومت قاہرہ سمیت متعدد صوبوں میں جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش ہوئی۔ جگہ جگہ سیلاب کے مناظر نظر آنے لگے۔ بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ 
سکائی نیوز کے مطابق مصری حکام نے عوام کومسائل سے بچانے کے لیے سکول ، سرکاری ادارے اور ایک ایئرپورٹ بند کردیا جبکہ میٹرو کی بڑی لائن بھی معطل کردی گئی۔
مصرجمعرات کو طوفانی آندھی کی زد میں آگیا۔ اسے ’الثنین‘ کا نام دیاجارہا ہے۔ لیبیا سے آنے والا طوفان بھی ا س میں شامل ہوگیا جبکہ یورپی ممالک سے سرد ہواﺅں کی لہر نے بھی مصر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

کئی شاہراہیں بارش کی وجہ سے بند ہوگئیں۔ فوٹو روئٹر

سوشل میڈیا پر ملک میں سیلاب کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔ وڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی شہروں میں دن کے وقت رات کا سماں نظر آرہا ہے۔ خصوصاً الشروق اور مدینتی نامی شہروں میں دن کے وقت زبردست تاریکی چھا گئی۔
وزیر تعمیرات و ترقیات محمود شعراوی نے بتایا کہ مصر میں سردی ی شدید لہر کی وجہ سے کئی شاہراہیں بند ہوگئیں۔طوفانی بارش میں کئی مکان گر گئے جبکہ ایک بچی درخت گرنے پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
ایک ٹیکنیشن بجلی کا کرنٹ لگنے سے جھلس گیا۔ وہ بارش کی وجہ سے بجلی چلنے جانے پر کھمبے کی اصلاح و مرمت کررہا تھا۔مصر کے مغربی صوبے الوادی الجدیدة میں بجلی کے 29ٹاور گر گئے۔ 

خراب موسمی حالات کی وجہ سے میٹرو کی بڑی لائن معطل کردی گئی ۔ فوٹو سکائی نیوز

مصری حکام نے الاقصر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کے لیے بند کردیا۔ اس ایئرپورٹ سے زیادہ تر سیاح آتے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اسکندریہ بندرگاہ ، بحر احمر پر واقع شرم الشیخ بندرگاہ بند کردی گئیں۔ الاقصر اور اسوان شہرو ںکے درمیان دریائے نیل میں چلنے والی بوٹس بھی معطل کردی گئیں۔ میٹرو کمپنی نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے میٹرو کی بڑی لائن معطل کردی گئی۔
وزیر ترقیات نے بتایا کہ کئی اہم شاہراہیں بند کردی گئیں خاص طورپر قناة القصیر روڈ اور قفط روڈطوفانی ہواﺅں کی وجہ سے بند ہوگئیں۔
آپریشن روم سے جاری کردہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ قاہرہ، جیزة، قلیوبیہ، اسکندریہ، بحیرة، منوفیہ، شمالی و جنوبی سینا، دمیاط، الدقھلیہ، پورٹ سعید، سویس، اسماعیلیہ، البحر الاحمر اور وادی الجدید کے علاقوں میں پہلے گردو غبار کا طوفان اور پھر بارش ہوئی۔
مصری حکومت نے ماہرین موسمیات کی رپورٹوں کی بنیاد پر پہلے ہی سرکاری و نجی ادارو ںمیں چھٹی کا اعلان کردیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ جمعرات سے ہفتے تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کے مسائل پیدا ہوں گے۔
                              
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: