Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمارا پیغام ٹیسٹ، ٹیسٹ، ٹیسٹ، ہر مشتبہ شخص کا ٹیسٹ‘

چین میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 213 ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس آدنوم نے کورونا سے متاثرہ تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ ہر مشتبہ مریض کا ٹیسٹ کریں۔
ڈاکٹر ٹیڈروس آدنوم نے کہا ہے کہ اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر مشتبہ مریض کا ٹیسٹ کیا جائے۔
جینیوا میں رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آپ آنکھوں پر پٹی باندھ کر آگ کا مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں۔ متاثرہ ممالک کے لیے ہمارا سادہ سا پیغام ہے کہ ٹیسٹ، ٹیسٹ، ٹیسٹ، ہر مشتبہ شخص کا ٹسیٹ کیا جائے۔‘
ان کے مطابق اب چین کے مقابلے میں کورونا سے متاثر ہونے اور مرنے والوں کی تعداد دنیا بھر میں زیادہ ہو گئی ہے۔
’کورونا کے زیادہ کیسز اور اس سے ہونے والی اموات چین کے مقابلے میں باقی دنیا میں رپورٹ ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے مرتب کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 142 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد اب تک ایک لاکھ 69 ہزار 710 ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار 640 تک پہنچ گئی ہے۔
اس وبا سے اب تک سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں چین سرفہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 213 ہے۔

عالمی ادارہ صحت پہلے ہی کورونا کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اٹلی میں کورونا سے اب تک 18 سو نو افراد، ایران میں 853 اور سپین میں 297 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی  کورونا یا ‘کووڈ 19‘ کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔

شیئر: