Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ کے لیے گرفتاری بھی ہو سکے گی

کورونا سے نمٹنے کے نئے قوانین دو سال تک نافذ العمل رہیں گے (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اور غیر معمولی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے اقدامات کے تحت پولیس کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ وبا سے متاثرہ شخص کو حراست میں لے لے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کی رات کو سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق نئے غیرمعمولی قوانین بدھ کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔ نئے قوانین کے تحت حکومتی اداروں کو وائرس سے نمٹنے کے لیے وسیع اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس کے ایک ہزار 950 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ 71 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

 

اے ایف پی کے مطابق سکاٹ لینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور لندن میں اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے بنائے گئے یہ قوانین دو سال تک نافذ العمل رہیں گے۔
 سینیئر طبی حکام کی تجاویز کی روشنی میں ان قوانین کے ذریعے متعلقہ ادارے بوقت ضرورت نئے اختیارات استعمال کر سکیں گے اور ان سے یہ اختیارات لیے بھی جا سکیں گے۔
برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی کورونا وائرس بل صرف اس وقت استعمال کیا جائے گا جب اس کی اشد ضرورت ہو گی اور یہ پوری طرح موثر ثابت ہو۔‘
’حکومت کو دیے گئے ان اختیارات کا مقصد عوام کی جانوں کا تحفظ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کچھ اقدامات پر فوری طور پر عمل درآمد کا امکان نہیں ہے۔‘
یاد رہے کہ ابتدا میں برطانیہ نے ’کووڈ 19‘ سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ محتاط ردعمل کا مظاہرہ کیا تھا۔

  وزیراعظم جانسن کا کہنا ہے کہ حکومت جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

چیف سائنٹیفک ایڈوائزر پیٹرک ولانس نے منگل کے روز بتایا کہ یہ کہنا ’مناسب‘ ہو گا کہ ایک اندازے کے مطابق ’ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار ہو چکی ہوگی۔‘
پیر کو وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت نے تیزی سے پھلیتے ہوئے وائرس پر قابو پانے کے لیے گھروں میں محصور ہونے، گھروں سے کام کرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی جیسے اقدامات کی تجویز دی تھی۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے سخت سماجی اقدامات سے متاثر ہونے والے کاروباروں کو معاشی پیکج دے گی جس میں 330 ارب پاؤنڈ کے قرضے بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم جانسن کا کہنا تھا کہ ’اب ان کی حکومت جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔‘
برطانوی بارڈر پولیس حفاظتی اقدامات ناکافی ہونے کی صورت میں ایئرپورٹس اور نقل و حمل کی دیگر جگہوں پر اپنے آپریشنز معطل کر سکے گی۔

شیئر: