Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے 36 نئے مریض، کل تعداد 274

افواہوں پر کان نہ دھریں درست معلومات سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس (کوفید 19) میں مزید 36مریضوں کا اضافہ ہوگیا۔ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی اب مجموعی تعداد 274تک پہنچ گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ کورونا کے نئے 17مریض مراکش، برطانیہ ، اسپین ، ایران ، پاکستان ، کویت ، عراق، انڈیا، امریکہ اور مصر سے آئے۔
وزارت صحت نے توجہ دلائی ہے کہ 19دیگر مریض وہ ہیں جو پہلے سے وائر س میں مبتلا افراد کے ساتھ رہائش اختیار کیے ہوئے تھے۔

شفا یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 ہوچکی ہے ۔ فوٹو وزارت صحت

وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا کے نئے مریضوں میں سے 21ریاض، 4قطیف، تین مکہ مکرمہ، تین دمام، دو الہفووف جبکہ جدہ، ظہران اور محایل عسیر میں ایک، ایک ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ اب مملکت میں کورونا کے مریضوں کی رجسٹرڈ مجموعی تعداد 274ہوچکی ہے۔ ان میں سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8ہے۔ صحت یاب ہونے والوں میں دو نئے ہیں۔
دو مریضوں کی حالت نازک ہے۔ دیگر مریض خطرے سے باہر ہیں۔ ابھی تک سعودی عرب میں اللہ کے کرم سے کورونا کا کوئی ایک مریض بھی جاں بحق نہیں ہوا۔
وزارت صحت نے ایک بار پھر سعودیوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیو ں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں ۔ مثلاً کسی سے مصافحہ نہ کریں۔ ہاتھ پابندی سے دھوتے رہیں۔ بھیڑ بھاڑ کی جگہوں سے دور رہیں۔ اسی میں آپ کی صحت و سلامتی اور معاشرے کی بہتری مضمر ہے۔
وزارت صحت نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ اگر کسی کے ذہن میں کورونا کے حوالے سے کوئی سوال یا استفسار ہو تو صحت رابطہ مرکز937پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ کورونا سے متعلق تمام معلومات سرکاری ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں اور افواہوں کے چکر میں نہ پڑا جائے۔
                    
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: