Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں دو ہفتوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں معطل

سنیچر کی شام 8 بجے سے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی (فوٹو: فیس بک)
پاکستان نے آئندہ دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پی آئی اے نے بھی اپنی تمام پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق سنیچر کی شام 8 بجے سے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔
سنیچر کو اپنی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر معید یوسف نے بتایا کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی کچھ پروازوں کو واپس آنے کی اجازت ہوگی. 'پی آئی اے کی تمام پروازیں کل تک واپس آجائیں گی۔ اس پابندی کا اطلاق سفارت کاروں اور مال بردار جہازوں پر نہیں ہوگا۔'
قبل ازیں پی آئی اے نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 22 مارچ سے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر 22 سے 28 مارچ تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے علاوہ تمام ہوائی اڈوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں معطل کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
بعد ازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تربت اور گوادر کے علاوہ باقی تمام ہوائی اڈوں سے 22 مارچ سے بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس میں یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دیکھنے کے بعد بورڈنگ پاس دیا جائے گا۔

22 سے 28 مارچ تک پی آئی اے کی تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی (فوٹو: اے ایف پی)

مقامی میڈیا میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ ان خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی رانا مجتبٰی نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے پاکستان آنے سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط اب بھی برقرار ہے اور اس شرط کو کسی صورت ختم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کرے گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: