Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ کی فلم ’رئیس‘ پہلے مجھے آفر ہوئی: ایمان علی

ایمان علی کا کہنا ہے کہ وہ پہلے فلم کا سکرپٹ دیکھتی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سپر ماڈل کہلائی جانے والی ایمان علی نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی بالی وڈ فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ خان سے قبل انہیں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔
معروف ماڈل و اداکارہ عفت عمر کے ساتھ انٹرویو کے دوران ایمان علی نے کہا کہ ’پاکستان میں بننے والی 90 فیصد فلموں میں پہلے مجھے کام کرنے کی آفرز آتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں پہلے سکرپٹ کو دیکھتی ہوں کیونکہ اگر سکرپٹ اچھا نہ ہو تو لگتا ہے کہ میں مشقت اور غلامی کر رہی ہوں۔‘
جب ایمان علی سے پوچھا گیا کہ کیا شاہ رخ خان کی فلم رئیس کی پیشکش پہلے آپ کو ہوئی تھی تو ماڈل نے مسکرا کر جواب دیا کہ ’ہاں۔‘
اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے پہلے سکرپٹ کی ڈیمانڈ کی تھی اور کہا تھا کہ وہ  پہلے سکرپٹ پڑھیں گی جس پر ایمان علی نے کہا کہ ’مجھے فون آیا تھا جس میں انہوں نے مجھے شاہ رخ کے ساتھ فلم کی پیشکش کی تھی اور میں نے جواب میں ان سے سکرپٹ بھیجنے کا کہا تھا۔‘
ایمان علی کا مزید کہنا تھا کہ ’شاید ان کو میری یہ بات پسند نہیں آئی جو کہ غلط ہے، سکرپٹ پڑھنا تو ہمارا حق ہے۔‘
انٹرویو کے دوران ایمان نے مزید بتایا کہ ’اس بارے میں اپنے دوستوں کو بتایا تو انہوں نے کہا کہ 'پاگل ہوگئی ہو تم نے شاہ رخ کی فلم کا سکرپٹ مانگ لیا، اس کے ساتھ تو فلم کرنے کے لیے دنیا بھر کی اداکارائیں خواہش مند ہوں گی۔‘

'رئیس' 25 جنوری 2017 کو ریلیز کی گئی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایمان علی نے مزید کہا کہ کام کرنے کے لیے سکرپٹ کا اچھا ہونا بے حد ضروری ہے باقی اگر ان کی قسمت میں کوئی لکھا ہے تو انہیں مل کر ہی رہے گا۔
خیال رہے کہ فلم رئیس 25 جنوری 2017 کو ریلیز کی گئی تھی۔

شیئر: