Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا پھیلانے کا الزام، بے بی ڈول کے خلاف مقدمہ درج

کانیکا کپور کے خلاف تین تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے شہرہ آفاق گانے گانے والی معروف انڈین پلے بیک سنگر کانیکا کپور کورونا کا مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد ایک نئی مصیبت میں پھنس گئی ہیں۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق لکھنو کے چیف میڈیکل آفیسر نریندر کمار اگروال نے گلوکارہ کے خلاف تھانہ سروجنی نگر میں جمعے کی رات ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
 ایف آئی آر انڈین پینل کوڈ کے آرٹیکل ایک سو اٹھاسی، دو سو انہتر اور دو سو ستر کے تحت درج کرائی گئی ہے۔ ان دفعات میں کانیکا کپور پر غفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
چیف میڈیکل آفیسر نے الزام لگایا کہ کانیکا کپور گیارہ مارچ کو ممبئی سے لکھنو پہنچیں اور وہ اس سے ایک روز قبل ہی لندن سے انڈیا پہنچی تھیں۔ اس کے بعد گلوکارہ نے لوگوں سے میل ملاقاتیں کیں اور لکھنو میں کئی تقریبات میں بھی شرکت کی حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ لندن سے واپسی پر انہیں قرنطینہ میں رہنا تھا۔
وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گلوکارہ کے خلاف انہی الزامات کے تحت مزید دو ایف آئی آرز بھی درج کر لی گئی ہیں۔
وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس کے مطابق ایک ایف آئی آر تھانہ حضرت گنج اور دوسری گومیت نگر کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کانیکا کپور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ وہ حال ہی میں برطانیہ کا دورہ کر کے لوٹی ہیں۔ گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیماری کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں کیونکہ یہ وائرس عام نزلے اور بخار جیسا ہے۔

کانیکا کپور چند روز قبل لندن سے انڈیا پہنچی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)

کانیکا کپور کا کہنا تھا کہ وہ دس روز پہلے برطانیہ سے لوٹی تھیں اور ایئرپورٹ پر ان کی سکیننگ بھی ہوئی تھی لیکن ان کے اندر کورونا وائرس کی علامات ایک ہفتے بعد ظاہر ہونا شروع ہوئیں۔
جمعے کے روز گلوکارہ نے کہا کہ ’گذشتہ چار دن سے مجھے نزلہ تھا اور جب میں نے ٹیسٹ کروایا تو وہ مثبت نکلا۔ میں اور میری فیملی مکمل طور قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔
کانیکا کپور کا کہنا تھا کہ ’اس مرحلے پر میں سب سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ خود کو دوسروں سے علیحدہ رکھیں اور اگر ایسی کوئی علامات نظر آئیں تو فوری طور پر ٹیسٹ کروائیں۔‘
کانیکا کپور، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ لکھنو کے کسی ہسپتال میں ہیں، نے ان الزامات کا جواب نہیں دیا جن میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنی ٹریول ہسٹری چھپائی اور برطانیہ سے لوٹنے کے بعد ایک پارٹی میں بھی شرکت کی۔

شیئر: