Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: فیس بک پر غلط اطلاع پر مقدمہ

ایف آئی آر کے مطابق اس فیس بک پوسٹ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی پولیس نے شاہدرہ کے علاقے میں ایک نوجوان پر مقدمہ درج کر لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے محلے کے ایک خاندان کےخلاف اپنی فیس بک پر پوسٹ لگائی جس میں کہا گیا کہ پورا خاندان کورونا سے متاثرہ ہے۔
درخواست گزار کی استدعا پر تھانہ شاہدرہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق فیصل اعوان نامی نوجوان نے اپنی فیس بک پر یہ تحریر کیا کہ ملک صفدر علی کے پورے خاندان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے پورا محلہ سیل کر دیا گیا۔ 
ایف آئی آر کے مطابق اس فیس بک پوسٹ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کی وجہ سے متعلقہ خاندان کو ذہنی اذیت سے گزرنا پڑا۔
 
پولیس نے ابتدائی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے نوجوان فیصل اعوان کے خلاف دھوکہ دہی اور ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
 
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا دوسرا روز ہے اور لاہور میں کورونا کے تناظر میں دوسرا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
 اس سے پہلے ایک مقدمہ معروف ڈیزائنر ماریہ بی کے شوہر کے خلاف درج کیا گیا تھا جس میں پولیس نے ان پر کورونا کے شکار اپنے باورچی کو بھگانے کے الزامات کے الزامات عائد کیے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: