Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اشیائے ضروریہ کی خریداری میں  زیادہ سے زیادہ کی مقدار طے کی جائے‘

’لوگوں میں خوف پھیلا ہواہے جس کی وجہ سے بعض افراد اشیائے ضروریہ کی بڑی مقدار خرید کر ذخیرہ کرلیتے ہیں‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں صارفین حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی خریداری میں زیادہ سے زیادہ مقدار کی حد طے کی جائے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث لوگوں میں خوف پھیلا ہوا ہے جس کی وجہ سے بعض افراد اشیائے ضروریہ کی بڑی مقدار خرید کر ذخیرہ کرلیتے ہیں‘۔
صارفین نے کہا ہے کہ ’غیر ضروری طور پر بڑی مقدار میں اشیا خریدنے سے ایک طرف بحران پیدا ہوتا ہے تو دوسری طرف دیگر افراد ان اشیا کی خریداری سے محروم ہوجاتے ہیں‘۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ’حکومت نے کھانے پینے کے علاوہ ادویہ اور طبی اشیا وافر مقدار میں فراہم کرنے کا انتظام کر لیا ہے مگر غیر ضروری طور پر ذخیرہ کرنے والوں کی وجہ سے مصنوعی بحران پیدا ہو جاتا ہے‘۔
صارفین نے کہا ہے کہ ’تحفظ صارفین کمیٹی کے علاوہ وزارت تجارت اور میونسپلٹی اس رجحان کا خاتمہ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرے‘۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ’اس لیے مناسب ہوگا کہ ہر گاہک کو پابند کیا جائے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ مقدار سے زیادہ نہ خریدے‘۔

اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ( فوٹو: الامارات الیوم)

دوسری طرف سپر اسٹور کے مالکان نے کہا ہے کہ ’صارفین کو خریدی جانے والی اشیا کی طے شدہ مقدار کا پابند کرنا بعض حالات میں ممکن ہوتا ہے جبکہ اکثر ایسا کرنا ممکن نہیں رہتا‘۔
مالکان نے کہا ہے کہ ’ایسا کوئی قانون نہیں جس سے گاہک کو مقدار کا پابند کیا جائے تاہم بعض اوقات کسی چیز پر رعایت قیمت رکھی جاتی ہے تو انتظامیہ ہر گاہک کو مقدار کا پابند کرتی ہے‘۔
دریں اثنا امارات میں صارفین کے تحفظ کی کمیٹی کے سربراہ ماجد الشامسی نے کہا ہے کہ ’ایسا کوئی قانون نہیں جس سے کے تحت صارفین کو خریدی جانے والی اشیا کے مقدار کا پابند کرے تاہم رمضان اور عید کے علاوہ بحرانوں کے وقت ایسا کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اشیائے صرف وافر مقدار میں موجود ہیں، لوگوں کو ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ علاوہ ازیں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اشیائے صرف بڑی مقدار میں خرید کر ذخیرہ کرنے سے چیزیں خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے‘۔

شیئر: