خلیجی ممالک میں کورونا متاثرین کی تعداد 2472 ہو گئی
خلیجی ممالک میں کورونا متاثرین کی تعداد 2472 ہو گئی
بدھ 25 مارچ 2020 22:56
امارات میں کورونا متاثرین کی تعداد 333 تک پہنچ گئی ہے- فوٹو خلیج ٹائمز
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح خلیجی ممالک میں بھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے-
عرب میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک میں بدھ 25 مارچ نئے کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 2472 تک پہنچ گئی- صحت یاب کی مجموعی تعداد 359 ریکارڈ کی گئی جبکہ نئے متاثرین کی مجموعی تعداد 264 بتائی گئی ہے-
کورونا وائرس کے مریضوں میں 16 کی حالت نازک ہے- اب تک خلیجی ممالک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سات ہے-
کویت میں چار نئے مریض ریکارڈ پر آنے کے بعد تعداد 159 ہوگئی- فوٹو گلف نیوز
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 333 ہوچکی ہے- 85 نئے متاثرین ریکارڈ پر آئے ہیں- 52 شفا یاب ہوچکے جبکہ دو کی حالت نازک ہے-
کویت میں 4 نئے مریض ریکارڈ پر آئے ہیں- مجموعی تعداد 159 ہوگئی ہے جبکہ چار شفا یاب ہوئے ہیں- کویت میں شفا یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے-