Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبلیغی جماعت میں شامل چینی باشندہ کورونا کا شکار

گذشتہ تین دنوں میں کراچی میں 41 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
محکمہ صحت حکومت سندھ نے حیدر آباد کے تبلیغی مرکز میں موجود چینی شہری سمیت تبلیغی جماعت کے چار ارکان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ کراچی میں مزید آٹھ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف کی جانب سے سنیچر کی شام سات بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج کراچی میں آٹھ جبکہ حیدرآباد میں چار نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار سو 69 ہوگئی ہے۔
میران یوسف نے اردو نیوز کو بتایا کہ تبلیغی جماعت کے ممبران کا سول ہسپتال حیدرآباد اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں چار کی رپورٹ مثبت آئی، جس میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق چینی شہری وزٹ ویزے پر پاکستان آیا تھا اور تبلیغی جماعت کے ساتھ شامل ہوگیا تھا، رپورٹ مثبت آنے کے بعد چینی شہری سے تعلق میں آئی جماعت کے 12 افراد کے بھی ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کو علاج کی غرض سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حیدرآباد کے تبلیغی مرکز کو ہی 'میک شفٹ' قرنطینہ مرکز بنا دیا گیا ہے اور تبلیغی جماعت کے تمام ممبران کو وہیں حفاظتی تدابیر کے ساتھ محدود رکھا جا رہا ہے۔

حیدرآباد کے تبلیغی مرکز کو ہی 'میک شفٹ' قرنطینہ مرکز بنا دیا گیا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے ایران سے غیر قانونی طور پر تربت کے راستے پاکستان آئے 83 زائرین میں سے سات افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے، ان تمام زائرین کو سکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے حفاظتی تحویل میں لے کر لاڑکانہ کہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ مرکز منتقل کیا تھا۔
سنیچر کو نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اس وقت کراچی کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 182 مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 132 افراد لوکل ٹرانسمیشن سے اس مرض میں مبتلا ہوئے۔

چینی شہری وزٹ ویزے پر پاکستان آیا تھا اور تبلیغی جماعت کے ساتھ شامل ہوگیا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوئے کورونا وائرس کی ٹاسک فورس کے 31ویں اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ تین دنوں میں کراچی میں 41 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ کراچی کے کیسز میں ایک اٹلی، آٹھ شام، چھ دبئی، چھ ایران، ایک قطر، سات سعودی عرب، چھ ترکی، پانچ امریکا، دو سوئٹزرلینڈ،11  برطانیہ اور ایک عراق کا ہے۔

شیئر: