Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے بے پرواہ بیلاروس میں فٹبال میچ، ہزاروں تماشائی

بیلارس کے صدر کو کورونا وائرس کی کوئی فکر نہیں ہے (فوٹو: اے ایف پی)
یورپ سمیت ایک تہائی دنیا کو کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کا سامنا ہے اور ہر طرح کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں، لیکن یورپ کے دہانے پر موجود ایک ملک ایسا بھی ہے جو ہر خوف سے بے پرواہ کاروبار زندگی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق سویت یونین کا حصہ رہنے والے مشرقی یورپ کے ملک بیلاروس میں فٹ بال لیگ جاری ہے۔
بیلاروسین پریمیئر لیگ کا عام حالات میں زیادہ تذکرہ نہیں کیا جاتا لیکن اب فٹ بال فینز کی توجہ اس جانب ہوگئی ہے کہ کیونکہ یورپ میں یہ واحد جگہ ہے جہاں فٹ بال کا کھیل جاری و ساری ہے۔
سنیچر کو ایف سی منسک اور ڈائنامو منسک کے درمیان مقابلہ ہوا جسے تین ہزار تماشائیوں نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔
ڈائنامو منسک نے ان حالات میں ہونے والے میچ کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ’یہ اس کرہ ارض پر کھیلے جانے والا واحد فٹ بال میچ ہے۔‘
واضح رہے کہ بیلاروس  کورونا وائرس کی وجہ سے زیادہ متاثر نہیں ہوا ہے اور وہاں مریضوں کی تعداد ایک سو سے کم ہے اور تاحال اس وبا سے کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا ہے۔
جہاں یورپ بھر میں لاک ڈاؤن چل رہا ہے اور ہزاروں افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں وہیں بیلارس کے صدر الیگزینڈر لکاشینکو کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے اور انہوں نے اپنے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ ’بیماری کا مقابلہ کرنے کے لیے ووڈکا پیو۔‘

یورپ سمیت دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بیلاروس فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میچ کروانے سے پہلے تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔
یورپ سمیت دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 31 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شیئر: