Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'نیکی کر دریا میں ڈال، سنا تو ہوگا مگر کچھ لوگ ایسا کرتے ہیں‘

سوناکشی سنہا نے ابھی تک کورونا ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان نہیں کیا (فوٹو: اے ایف پی)
ہم نے دیکھا کہ گذشتہ چند روز میں بالی وڈ کے کئی سٹارز نے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے عطیات کا اعلان کیا جن میں سلمان خان، اکشے کمار، ریتک روشن، پرینکا چوپڑا، سارہ علی خان، وکی کوشال اور دیگر شامل ہیں۔
اکشے کمار نے کورونا ریلیف فنڈ کے لیے 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
بالی وڈ لائف ڈاٹ کام کے مطابق مداح جہاں ایک طرف ان سٹارز کے جذبے کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان، سوناکشی سنہا اور دیگر فنکاروں کو ریلیف فنڈ میں حصہ نہ ڈالنے پر کھری کھری سنا بھی رہے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید سے تنگ آ کر دبنگ گرل سوناکشی سنہا نے بھی ٹوئٹر کا محاذ سنبھالا اور اپنے نقادوں کو کچھ اس طرح سے جواب دیا۔
'تنقید کرنے والے وہ ٹرولز ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں جو یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ میں نے رقم دینے کا اعلان نہیں کیا اس لیے میں نے اپنا حصہ نہیں ڈالا۔'
'نیکی کر دریا میں ڈال، سنا تو ہوگا کچھ لوگ دراصل ایسا کرتے ہیں۔ اب شانت ہو جاؤ اور اپنا وقت کچھ اچھا کرنے پر صرف کرو۔اعلان کرنا یا نہ کرنا میرا ذاتی معاملہ ہے۔'
حال ہی میں اداکار اور پروڈیوسر نکھل ویویدی نے تفصیلات بتائیں کہ کس طرح امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان نے خیراتی کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

سوناکشی سنہا کی حال ہی میں سلمان خان کے ساتھ فلم 'دبنگ تھری' ریلیز ہوئی ہے جبکہ ان کی آنے والی فلم 'بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا' ہے جس کی کاسٹ میں اجے دیوگن، ایمی ورک اور نورا فاتحی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا کے والد ماضی کے مشہور اداکار اور سیاست دان شتروگن سنہا ہیں۔

سوناکشی سنہا کی آنے والی فلم بھوج دی پرائیڈ آف انڈیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وہ پہلے بھارتیا جنتا پارٹی کے اہم رہنماؤں میں شامل تھے تاہم گذشتہ برس کے عام انتخابات سے قبل پارٹی سے اختلافات کے باعث انہوں نے کانگرس میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔  
یاد رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 21 روزہ لاک ڈاؤن جاری ہے اور وزیراعظم نریندر مودی نے وبا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کورونا ریلیف فنڈ کا اعلان کر رکھا ہے۔

شیئر: