Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل یہ کہتا ہے فریب دوست کھاتے جائیے‘

اچھے خیالات بھی اس قابل ہیں کہ صف دوستاں میں جگہ پا سکیں (فوٹو سوشل میڈیا)
دوستی ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے سے لے کر دوسروں کے لیے جینے تک کے بہترین عمل کی بنیاد بنتی ہے، لیکن دانا کہتے ہیں کہ صحت مند رویوں سے محروم ہو جائے یا توازن کھو دے تو یہ تعلق زہر سے بھی زیادہ خطرناک ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے حالیہ گفتگو میں دوستی کو اپنا موضوع بنایا تو اس کے حسین پہلوؤں سے لے کر نقصان کا باعث بننے والے مواقع تک کی نشاندہی کر ڈالی۔
پاکستان سمیت متعدد ملکوں میں سوشل ٹائم لائنز پر زیربحث لائے جانے والے دوستی کے موضوع پر گفتگو کرنے والوں کی اکثریت اس بات پر متفق دکھائی دی کہ ایک دوسرے سے متعلق خلوص اور خیرخواہی موجود ہو تو یہ تعلق محض قیمتی ہی نہیں بلکہ انمول بھی ہے۔
عظمی بلوچ نامی ٹوئٹر صارف نے دوستی میں توقعات کے پورا نہ ہونے اور اس کے نتائج کو اپنے پیغام کا موضوع بنایا تو ماہر القادری کا ایک شعر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ عقل کہتی ہے دوبارہ آزمانا جہل ہے - دل یہ کہتا ہے فریب دوست کھاتے جائیے۔‘

دوستی یا اچھے دوستوں کی نشانیاں بھی گفتگو میں نمایاں رہیں۔ سلوا سیلا نامی صارف نے لکھا ’اچھے دوست آپ کو وہ بتاتے ہیں جو آپ سننا نہیں چاہتے۔‘

دوستی یا تعلق کے لیے اپنی کوشش اور نتیجے کا ذکر کرتے ہوئے کائرا نامی صارف نے سو فیصد اور پانچ فیصد بیٹری دکھانے والی دو تصاویر پر تبصرے می لکھا ’تعلق اور دوستی کے لیے میری کوششیں اور بدلے میں مجھے ملنے والی مقدار کا فرق۔‘

دوستی کے مختلف پہلوؤں پر یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں ہوئی جب دنیا کے 200 سے زائد ملکوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں۔ ایسے میں صارفین کی ٹائم لائنز پر کورونا وائرس کے بعد کی صورت حال یا اس کے اثرات بھی نمایاں رہے۔
مسز ہارڈسٹی نامی صارف نے 30  برسوں سے قائم دوستی کے بعد ہونے والی پہلی ڈیجیٹل ملاقات کو اپنی ٹویٹ کا موضوع بناتے ہوئے لکھا ’اچھے دوست مسکراہٹ لاتے ہیں۔‘

دوستی کب تک رہے اور کب اس سے رخصت لے لینی چاہیے کا پہلو بھی زیربحث آیا۔ ایک صارف نے لکھا ’ایسے لوگوں سے دوستی چھوڑ دی جن سے مستقل بحث ہو یا آپ محسوس کریں کہ یہ بھی لازما کیا جانے والا کوئی کام ہے۔ دوستی ایسی ہو جو آپ کو توانائی سے محروم نہ کرے۔ ایسے لوگوں کو دور کر دیں۔‘

سمفونی نامی صارف بھی افادیت کھو دینے والی دوستی کو ختم کر دینے کے خیال سے متفق دکھائی دیں۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’مردہ ہو جانے والی دوستی اور صورت حال کو خود سے دو کر دینا حقیقی خوشی کا باعث ہوتا ہے۔‘

دوستی کا لفظ سن کر عموما دو یا زائد انسانوں کے باہمی تعلق کا پہلو ذہن میں آتا ہے تاہم اس موضوع پر ہوئی گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارف ایسے بھی تھے جنہوں نے اچھے خیالات سے دوستی کی تجویز دی۔

اپنی تجویز پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے مثبت خیالات کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا ’آپ کا ذہن ایک باغ ہے، یہاں آپ چاہیں تو پھول کھلا لیں اور چاہیں تو گھاس اگا لیں۔‘
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: