Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے سکولوں میں سالانہ امتحانات نہیں ہوں گے

طلبہ کو تمام مضامین میں کامیاب شمار کیاجائے گا(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ ’ سعودی تعلیمی اداروں کے تمام طلبا و طالبات کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے گی، جبکہ انٹرنیشنل اسکولز کی انتظامیہ اپنا فیصلہ کرنے کی مجاز ہیں۔‘
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے 16 اپریل 2020 جمعرات کو مملکت میں سکولوں کے طلبہ و طالبات کے ان سوالات کے جواب دے دیے جن کا وہ بڑی بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے تمام سکولز بند ہیں جبکہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری ہے-

مڈل کلاسوں میں 14 مئی 2020 تک آن لائن تعلیم جاری رہے گی-(فوٹو، سبق نیوز)

 طلبہ و طالبات بڑی بے چینی سے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے منتظر تھے۔ اس حوالے سے عرب میڈیا میں مختلف سوالات کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ جن میں دریافت کیا جاتا تھا کہ موجودہ حالات کے تحت سالانہ امتحانات کس طرح اور کب منعقد ہوں گے۔
وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ ’کورونا بحران کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال سکولوں میں سالانہ امتحانات نہیں ہوں گے اور تمام طلبہ و طالبات کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے گی۔‘
دوسری جانب وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ مملکت میں قائم انٹرنیشنل اور نجی اسکولز کی انتظامیہ سالانہ امتحانات منعقد کرنے یا نہ کرنے کا خود فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں، امتحانات منعقد نہ کرنے کی صورت میں آخری امتحان کے رزلٹ کو ہی سالانہ رزلٹ کے طور پر منظور کیاجاسکتا ہے۔
یاد رہے مملکت میں مختلف کمیونٹیز کے تعلیمی ادارے قائم ہیں جو قبل ازیں اپنے ملکوں کے سفارتخانوں کی زیر نگرانی ہوا کرتے تھے بعدازاں انہیں سعودی وزارت تعلیم کے زیر انتظام کر دیا گیا تھا۔  
وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اساتذہ اور دفتری عملے کی مدد سے طلبہ اور طالبات نے آن لائن تعلیمی کورس مکمل کر لیا-
وزارت تعلیم نے بحرانی حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ تمام طلبہ و طالبات کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے جبکہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ تعلیم کا سلسلہ آن لائن جاری رکھا جائے گا۔
مڈل سکول کے طلبہ و طالبات کو 14 مئی 2020 تک آن لائن تعلیم  دی جاتی رہے گی- مڈل سکول میں ششماہی امتحان کا جو رزلٹ تھا اسی کو سالانہ رزلٹ کے طور پر منظور کرلیا گیا۔
وزارت تعلیم نے توجہ دلائی ہے کہ جو طلبہ و طالبات کورس کےکسی بھی مضمون کی بابت بہتر رزلٹ کے خواہشمند ہوں گے نئے تعلیمی سال  1442 ھ کے شروع میں انہیں اپنے تعلیمی معیار کی جانچ کرانے کا موقع دیا جائے گا۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ثانوی سکولوں میں  14 مئی 2020 تک آن لائن تعلیم جاری رہے گی۔ زیر تعلیم طلبہ کو تمام مضامین میں کامیاب شمار کیاجائے گا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے طلبا کو اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی جائے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایسے مضامین جن میں طلبہ کی  تعلیمی صلاحیت کا ریکارڈ نہ ہو یا وہ طلبہ جو بہتر رزلٹ کے امیدوار ہوں انہیں نئے تعلیمی سال کے شروع میں امتحان کے ذریعے خواہش کی تکمیل کا موقع مہیا کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم نے توجہ دلائی ہے کہ رمضان المبارک اور موسم گرما کے دوران کئی علمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ قرآن کریم کی تلاوت اور حفظ کے مقابلے ہوں گے۔ قومی اقدار کے  فروغ کے مسابقے بھی منعقد کیے جائیں گے۔

شیئر: