Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ووہان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں اچانک 50 فیصد اضافہ

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر کے مطابق یورپ وائرس کے طوفان کا مرکز ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 'دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ 21 لاکھ 58 ہزار متاثرین ہیں۔
یونیورسٹی کے سینٹر کے مطابق 'امریکہ ہلاکتوں کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 33 ہزار افراد عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ مخلتف ریاستوں میں متاثرین کی تعداد چھ لاکھ 71 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔'
وبا سے بری طرح متاثر براعظم یورپ کے ملک اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 170 ہے جبکہ سپین میں 19 ہزار 300 سے زائد شہری وائرس سے موت کا شکار بن گئے۔
ادھر چین نے جمعے کو ووہان شہر میں مرنے والوں کی تعداد میں اچانک 50 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق چینی حکام نے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں کہا ہے کہ ووہان میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد غلط رپورٹ ہوئی تھی۔ ووہان میں ہونے والی ہلاکتوں میں ایک ہزار 290 کا اضافہ تسلیم کیا گیا ہے۔
شہر کی انتظامیہ کے مطابق اب ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 869 ہو گئی ہے۔ اس اعلان کے بعد چین میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد میں بھی 39 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد چار ہزار 600 سے بڑھ گئی ہے۔
 
دوسری جانب سکائی نیوز کے مطابق لندن کے میئر صادق خان نے حکومت سے کہا ہے کہ 'دارالحکومت میں چلنے والی ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک لازمی قرار دیا جائے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے لیے ڈائریکٹر ہانس کلگ نے خبردار کیا ہے کہ 'یورپ وائرس کے حوالے سے طوفان کے مرکز میں ہے۔' 
انہوں نے یورپ کے ملکوں پر زور دیا کہ وہ وبا پر قابو پانے کے لیے ایک جیسے اقدامات کریں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق یورپ میں عالمی وبا سے متاثر ہونے والے ملکوں میں فرانس تیسرے نمبر پر ہے جہاں 17 ہزار 920 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ برطانیہ میں اب تک 13 ہزار 729 افراد کی ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین کے لحاظ سے سپین امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں ایک لاکھ 84 ہزار 948 افراد کورونا کا شکار ہیں۔
اٹلی میں اس وقت ایک لاکھ 68 ہزار 941 اور فرانس میں ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد متاثرین زیرعلاج ہیں۔
برطانیہ میں شہریوں نے شعبہ صحت سے منسلک ورکرز کے لیے میوزک کے ساتھ تالیاں بجائی ہیں۔
یورپ کے ملک بیلجیئم میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد جرمنی سے بڑھ گئی ہے۔ بیلجئم میں چار ہزار 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ جرمنی میں اب تک چار ہزار 58 شہریوں کی ہلاکت وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ادھر ایمریٹس ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کی سہولت لا رہی ہے۔ جہاز پر سوار ہونے سے قبل مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر کے وسط میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والی وبا نے دنیا کے دو سو کے لگ بھگ ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور بیشتر ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور شہری گھروں تک محدود ہیں۔

شیئر: