Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غار حرا اور غار ثور کی تزئین و آرائش کی ہدایات

مکہ مکرمہ میں موجود اسلامی شعائر کی دو یادگار غار حرا اور غار ثور کی ضروری مرمت، تزئین و آرائش کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن اور کرفیو کے باعث غارحرا اور غار ثور پر زائرین کی آمد کا سلسلہ رکا ہوا ہے۔ اس دوران تاریخی مقامات کی صفائی ستھرائی مزید بہتر کرنے کی ہدایت جاری ہوئی ہے۔

مسجد الحرام سے تقریبا دو میل کے فاصلے پر جبل نور پر غار حرا واقع ہے (فوٹو: عرب نیوز)

اس سلسلے میں ہدایات مکہ مکرمہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل کی جانب سے ہیں۔
نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کو ان منصوبوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام سے تقریبا دو میل کے فاصلے پر جبل نور پر غار حرا واقع ہے۔ اس غار کی لمبائی 4 میٹر سے کم اور چوڑائی ڈیڑھ میٹر سے تھوڑی زیادہ ہے۔
610 عیسوی میں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اس غار میں پہلی وحی نازل ہوئی۔ جب اللہ تعالی کے حکم سے حضرت جبریل علیہ السلام قرآن کی آیات لے کر تشریف لائے۔

ان دنوں نہ صرف پوری دنیا بلکہ مقامی زائرین کی آمد  کا سلسلہ رکا ہوا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

غار ثور واقعہ ہجرت کی یاد دلاتی ہے جب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے انتہائی قریبی ساتھی اور دوست حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے ساتھ مدینہ منورہ ہجرت کے وقت وہاں قیام پذیر رہے اور کفار مکہ سے محفوظ رکھنے کے لیے اللہ تعالی کے حکم سے اس غار کے داخلی راستے پر مکڑی نے جالا بن دیا اور دشمن انہیں ڈھونڈ نہیں سکے۔
غار حرا اور غار ثور کی اصلاح و مرمت کے منصوبوں کی نگرانی میں گورنریٹ مکہ، رائل کمیشن برائے مکہ اور مقدس مقامات کے علاوہ مکہ مکرمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بلدیہ مکہ اور مکہ پولیس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ان منصوبوں پر دونوں مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کے لیے عام دنوں کی نسبت بہتر طریقے سے کام کیا جا سکتا ہے۔ یہاں پر ان دنوں نہ صرف پوری دنیا بلکہ مقامی زائرین کی آمد کا سلسلہ رکا ہوا ہے۔

غار حرا اور غار ثور کی اصلاح و مرمت میں مختلف ادارے حصہ لے رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز) 

کئی مراحل میں اس منصوبے پر کام کیا جائے گا۔ منصوبے کے ابتدائی 30 دنوں میں یہاں پر موجود پتھروں پر زائرین کی جانب سے کندہ تحریریں اور رنگوں کے ذریعے درج مختلف کلمات کی صفائی کی جائے گی۔
ان علاقوں کی طرف جانے والے راستوں کی صفائی اور آرائش کا عمل انجام دیا جائےگا۔ قریب موجود لکڑی کے کھوکھے اور دیگر غیرقانونی چھوٹی چھوٹی دکانیں مسمار کی جائیں گی۔
زائرین کی خدمت اور سہولت کے لیے دونوں علاقوں کے متعدد مقامات پر خوبصورت طرز کی تعمیرات کی جائیں گی۔
 

شیئر: