Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'جوان سڑکوں پر اور میں گھر پر افطاری کروں یہ گوارا نہیں'

عائشہ بٹ کہتی ہیں کہ کسی بھی محکمے کی کامیابی کے لیے ٹیم ورک بہت ضروری ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
سپرنٹنڈنٹ پولیس عائشہ بٹ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر انہیں نہ صرف پولیس افسران بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے۔
تصویر میں خاتون ایس پی عائشہ بٹ کو سڑک کنارے اپنے جونیئر اہلکاروں کے ساتھ افطاری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ 
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سندھ پولیس ڈاکٹر جمیل احمد نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے خاتون ایس پی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ 'خاتون پولیس افسر نے سینیئر اور جونیئر پولیس اہلکاروں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ کو ختم کرنے کے لیے ایک قابل رشک روایت قائم کی ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ 'سینیئر افسران کے ان رویوں سے جونیئر اہلکاروں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔'

ایس پی عائشہ بٹ نے اس تصویر کے حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ'یہ تصویر دراصل گذشتہ روز افطاری کے دوران لی گئی۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب میں ڈیوٹی پر ہوتی ہوں تو میں اپنے ذہن سے یہ نکال دیتی ہوں کہ میں ایک عورت ہوں۔ اس لیے میں جوانوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہوں۔'
عائشہ بٹ کہتی ہیں کہ 'کسی بھی محکمے کی کامیابی کے لیے ٹیم ورک بہت ضروری ہے۔ جب ہم سب ایک جگہ کام کررہے ہوتے ہیں تو ہمارے درمیان کوئی فرق نہیں رہتا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'میں یہ چاہتی ہوں کہ میرا جونیئر میرے ساتھ اپنا کوئی بھی مسئلہ شیئر کرنے سے مت ہچکچائے بلکہ بلاجھجک مجھ سے اپنا کوئی بھی مسئلہ ڈسکس کرے۔'
ایس پی عائشہ بٹ سمجھتی ہیں کہ جونیئر اہلکاروں کی عزت اور ان کی حوصلہ افزائی بہت اہم ہے۔ 'میں یہ نہیں دیکھتی کہ میرا کیا رینک ہے،فیلڈ میں کام کرنے والے ہمارے جوان ہمارا فخر ہیں۔'

اے ایس پی عائشہ بٹ کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی آٹھ ماہ کی بچی کو گود میں اٹھائے فرائض سرانجام دے رہی تھیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

انہوں نے کہا کہ 'جب میرا جونیئر اہلکار روزے میں بھی اسی لگن سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے اور اپنے گھر سے دور باہر افطاری کررہا ہے تو مجھے یہ گوارا نہیں کہ میں اپنے آفس میں یا گھر جا کر افطاری کروں۔' 
چند مہینے پہلے بھی ایس پی عائشہ بٹ کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی آٹھ ماہ کی بچی کو گود میں اٹھائے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔
عائشہ بٹ نے بتایا کہ انہیں لوگوں کی طرف سے بہت حوصلہ افزا پیغامات موصول ہوتے ہیں اور کئی لوگ انہیں ایک رول ماڈل سمجھتے ہیں۔ 'مجھے اکثر لوگوں نے بتایا کہ وہ پہلے اپنی بیٹیوں کو پولیس کے محکمے میں ملازمت کی اجازت نہیں دیتے تھے مگر اب سوچ بدل رہی ہے۔'
سوشل میڈیا صارفین ایس پی عائشہ بٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کررہے ہیں۔

اے بی خان کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'جوانوں کے ساتھ بہترین رویے سے آپ نے دل جیت لیا، ایک اچھی افسر ہونے کا ثبوت دیا۔'

سٹے ہوم کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'محترمہ آپ نے ایک اعلی مثال قائم کی ہے، اللہ سب کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔'

شیئر:

متعلقہ خبریں