Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل فون کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

فون کو مسلسل چارجنگ پر لگے رہنے دینے سے بیٹری خراب ہو سکتی ہے۔ فائل فوٹو: پکسابے
لاک ڈائون کے دوران جب سب گھروں میں محصور ہیں اور بہت سے کاروباری دفاتر کی طرح موبائل شاپس بھی بند ہیں، آپ کا موبائل پر انحصار پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گیا ہے۔ کیونکہ آن لائن آفس میٹنگ اور کلاسز سے نہ صرف موبائل پر کی جانے والی سرگرمیوں میں اضا فہ ہوا ہے بلکہ فراغت کی وجہ سے پہلے کی جانے والی تفریح چاہے وہ گیمز کھیلنے کی صورت میں ہوں یا سوشل میڈیا ویب سائٹس کے استعمال کی شکل میں ان سب کے دورانیے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایسے وقت میں جب کہ آپ کا مکمل انحصار موبائل پر ہے اس کا خراب ہونا ایک ڈراؤنے خواب سے کم نہیں لگتا۔ تو ایسی کیا تدابیر اختیار کی جائیں کہ آپ کا موبائل کم سے کم لاک ڈائون کے دوران خراب ہونے سے محفوظ رہے؟
اس عرصے میں موبائل کی بیٹری خراب ہونا آپ سہہ نہیں سکتے سو کچھ احتیاط سے آپ کے موبائل کی بیٹری کم سے کم لاک ڈائون کا دورانیہ صحیح حالت میں نکال سکتی ہے۔
فون کو مسلسل چارجنگ پر لگے رہنے دینے کی عادت بیٹری کی خرابی کا باعث بنتی ہے سو اس سے اجتناب کریں۔
کیونکہ بیٹری کا لائف سپین (مطلب وہ عرصہ جس میں بیٹری ٹھیک کام کرتی ہے) چارجنگ سائیکل بتاتے ہیں تو آپ بیٹری کو مکمل چارج یا ڈسچارج کرنے کی بجائے اگر بیچ میں کہیں سے بھی چارج کریں گے تو وہ آدھا یا ایک چوتھائی چارجنگ سائیکل مانا جائے گا سو مکمل چارج اور یا ڈسچارج کے بجائے ایسا کرنا بہتر ہے۔
اور بیٹری کی چارجنگ کو20 سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا لمبی بیٹری لائف کے لیے مفید مانا جاتا ہے۔
بیٹری کے چارجنگ سائیکلز چاہے چوتھائی سائیکلز کر کے ہی سہی مگر کبھی نہ کبھی مکمل ضرور ہوں گے اور اگر بیٹری زیادہ استعمال ہو گی تو وہ وقت جلد آجا ئے گا۔ تو ایسی ایپس جو بیٹری کا بہت زیادہ استعمال کر رہی ہوں ان کو ان انسٹال کردینا چاہیے۔

بیٹری کی چارجنگ کو20 سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا لمبی بیٹری لائف کے لیے مفید مانا جاتا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

دوسرا بڑا مسئلہ موبائل کی سپیڈ کم ہونے کا ہو سکتا ہے۔ وجہ بیک گرائونڈ میں چلنے والی ایپس بھی ہو سکتی ہیں تو آپکو ایسی ایسی ایپس انسٹال کرنی ہیں جو زیادہ ریسورسز استعمال کرنے والی ایپ کی نشاندہی کر سکیں جیسا کہ سی پی یو اینلائزر۔ اس کے بعد آپ اس ایپ کو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔
ایسے ہی وہ ایپس جن سے آپکا فون فریز یا ہینگ ہو جاتا ہے گو کہ اس ایپ کی نشاندہی ہونے پر اینڈرائیڈ فون کی صورت میں آپ اس ایپ کا کیش ڈیٹا ڈیلیٹ کر کے چیک کر سکتے ہیں جس کے لیے سیٹنگز<ایپس< ایپ کا نام <سٹوریج< کیش منتخب کر یں اگر صورت حال بہتر نہیں ہو تو کیش کے بجائے ڈیٹا ریموو کر کے اور آخری صورت میں ایپ ان انسٹال کرکے پھر سے انسٹال کر لیں۔ آئی فون میں ان میں سے صرف آخری آپشن ہی دستیاب ہے۔
کیونکہ میموری بھی فون کی اوور آل کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے تو بہتر ہے کہ ان وقتوں میں ڈیٹا کو فوری طور پر ثانوی سٹوریج (ایسڈ ی کارڈ یا کمپیوٹر) میں منتقل کر دیا جائے۔ بعض دفعہ کم میموری سپیس کی وجہ سے بھی فون ہینگ ہوتا ہے۔

میموری بھی فون کی اوور آل کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

موبائل پر بہت ہیوی گیمز یا دوسری ایپس چلانے سے بعض دفعہ بہت گرم ہو جاتا ہے بہتر ہے ایسی ایپس چلانے سے احتراز کیا جائے کیونکہ زیادہ وقت گرم رہنے سے موبائل کے دوسرے حصوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے دوسرا اس سے بھی موبائل کی سپیڈ کم پڑ سکتی ہے۔ اسی لیے موبائل کو کچن میں خاص کر چولہے کے پاس استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔
کیونکہ اس وقت آپ مارکیٹ سے کچھ بھی خرید نہیں سکتے تو آپ کو اپنے موبائل کی چارجنگ کیبل کو بھی ضائع ہونے سے بچانا ہے۔ عام طور پر چارجنگ کیبل، کیبل کی پورٹ /کنیکٹر اور کیبل کے جنکشن سے ٹوٹتی ہے تو آپ حفظ ما تقدم کے طور پر ادھر پلاسٹک کی شیٹ یا ٹیپ لپیٹ سکتے ہیں۔

آپ کو اپنے موبائل کی چارجنگ کیبل کو بھی ضائع ہونے سے بچانا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

سب سے اہم ٹِپ یہ ہے کہ آپ اپنے موبائل کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں اور اس کی سکرین اور باڈی کی حفاظت کے لیے سکرین پروٹیکٹراور موبائل کوور نہ اتاریں۔ کیونکہ ٹوٹ جانے کا مطلب ہے آپ باقی لاک ڈائون کا دورانیہ بنا موبائل کے گزارنے کی تیاری پکڑلیں۔
بونس ٹِپ
گھر میں موجود رہنے کی وجہ سے آپ کچھ بھی کر لیں موبائل بچوں کے ہاتھ آنے سے نہیں روک سکتے اور بچے ایپس یا گیم آئیٹمز خریدنے کے لیے ہی تو موبائل پکڑتے ہیں تو ایسے وقت سے بچنے کے لیے پلے سٹور < تین لائنز پر کلک کریں< سیٹنگز<ریکوائر آتھینٹیفیکیشن فار پرچیزز<فار آل پرچیزز کا انتخاب کریں، اب آپ محفوظ ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: