Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'مشن امپوسیبل' کے ہیرو کا نیا مشن، اب خلا میں فلم بنائیں گے

سوشل میڈیا صارفین نے 'مشن امپوسیبل'کے سٹار کے اس نئے مشن کو پورا ہوتے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
فلموں میں خطرناک سے خطرناک سٹنٹ کر کے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا لینے والے ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز اب خلا میں اڑتے ہوئے نظر آئیں گے۔
ٹام کروز اپنی اگلی ہالی وڈ بلاک بسٹر فلم زمین کے محور سے 250 میل اوپر خلا میں بنائیں گے جس کی ناسا کے سربراہ نے بھی تصدیق کی ہے۔
ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برائیڈن سٹائن نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ خلائی سٹیشن میں فلم بنانے کے لیے ٹام کروز کے ساتھ کام کرنے پر ناسا بہت خوش ہے۔ 'ہمیں ناسا کے منصوبوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انجینئرز اور سائنسسدانوں کی نئی نسل کو متاثر کرنے کی خاطر معروف شخصیات کی ضرورت ہے۔'

سوشل میڈیا صارفین 'مشن امپوسیبل' کے سٹار کے اس نئے مشن کو پورا ہوتے دیکھنے کے لیے ابھی سے بے تاب نظر آ رہے ہیں۔

حمزہ حسین نامی صارف نے لکھا ہے کہ 'یہ بہت زبردست خبر ہے۔ ہمیں محظوظ کرنے والے اس ایڈونچر کا انتظار ہے۔'

ایک اور صارف کریسٹوفر مائیکل نے لکھا کہ 'بہترین آئیڈیا، ٹاپ گن فلم نے میری زندگی بدل دی۔ سائنس اور انٹرٹینمنٹ کا یہ امتزاج لاکھوں لوگوں کو متاثر کرے گا۔'

 دا وال نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ وہ ٹام کروز کو خلا میں بھاگتے ہوئے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
کچھ صارفین نے اعتراض کیا کہ ناسا کو نئی نسل کو متاثر کرنے کے لیے کسی فلمی ہیرو کے بجائے سائنس کی دنیا سے جڑے اصل لوگوں کی خدمات لینی چاہئیں۔

جہاں صارفین اپنے پسندیدہ اداکار کے اس 'ایڈونچر' کو کامیاب ہوتا دیکھنا چاہ رہے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں ابھی سے یہ فکر ستانے لگی ہے کہ یہ فلم دیکھنے کے لیے انہیں ٹکٹ خریدنا پڑے گا یا نہیں۔
دامارس نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'کیا میں یہ فلم مفت میں دیکھ سکوں گا کیونکہ اس مشن کے لیے میرے ٹیکس کی مد میں دیے گئے ڈالرز استعمال ہو رہے ہیں یا پھر ایسا نہیں ہے؟'

شیئر: