Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زندگیاں بچانے، وبا کے خاتمے کے لیے چار ارب ڈالر درکار‘

امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 73 ہزار سے بڑھ چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد دو لاکھ 83 ہزار 831 ہو گئی ہے جبکہ متاثرین 37 لاکھ 55 ہزار سے زائد ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ نے جمعرات کو ایک نئی اپیل میں کہا ہے کہ 'غریب ملکوں میں کروڑوں افراد کی زندگیاں بچانے اور وائرس کو ختم کرنے کے لیے چار ارب 70 کروڑ کے فنڈز درکار ہیں۔'
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 'اس سے قبل اقوام متحدہ نے وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی امداد میں دو ارب ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ 25 مارچ کو کی گئی اس اپیل کے جواب میں تاحال صرف ایک ارب ڈالر حاصل ہوئے ہیں۔'
کورونا وائرس سے اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 73 ہزار 431 ہے۔

 

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق برطانیہ میں 30 ہزار 150 جبکہ اٹلی میں 29 ہزار 658 افراد عالمی وبا کی وجہ سے لقمہ اجل بنے۔
امریکہ میں متاثرین کی تعداد 12 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے جبکہ دوسرے نمبر پر سپین ہے جہاں دو لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد میں اب تک کورونا وائرس منتقل ہوا۔
چین اور جنوبی کوریا میں وائرس کے پھیلاؤ کو بڑی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق 'کورونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پانے کے بعد جنوبی کوریا میں زندگی کے معمولات بحال ہو گئے ہیں۔'
دنیا کی بڑی کارساز کمپنی جنرل موٹرز کے منافع میں بڑی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق 'کمپنی نے کہا ہے کہ وہ امریکہ میں اپنے پلانٹ کو 18 مئی سے کھول رہی ہے۔'
ادھر کینیا اور یوگنڈا بھی ان ممالک میں شامل ہوگئے ہیں جن کو وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) امداد دے رہا ہے۔

شیئر: