Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انتظار فرمائیے‘ کے ’جیدی‘ کراچی میں انتقال کر گئے

پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور ڈرامہ سیریل ’انتظار فرمائیے‘  کے ’جیدی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے نامور اداکار، ڈرامہ نگار، اور شاعر اطہر شاہ خان کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 77  برس تھی۔ 
اطہر شاہ خان طویل عرصے سے شوگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔ 
کراچی میں اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی کے مطابق اطہر شاہ خان کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 'رات 12 بجے کے قریب ان کی طبیعت بگڑی تھی جس کے بعد گلستان جوہر میں واقع دارالصحت ہسپتال لے جایا گیا جہاں فجر کے وقت ان کی موت واقع ہوئی۔'
ان کی نمازِ جنازہ اتوار کی شام 4 بجے گلشنِ اقبال بلاک 13 میں واقع ان کے گھر کے قریب مسجد اقصیٰ میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں نارتھ ناظم آباد کے سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
جیدی کافی عرصے سے علیل تھے، ان کی انجیو پلاسٹی بھی ہو چکی تھی اور وہ کمر کی سرجری کی وجہ سے چل پھر نہیں سکتے تھے۔ ان کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی جا رہی ہے۔

2001 میں اطہر شاہ کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)

اطہر شاہ خان انڈیا کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور  1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور ہجرت کی۔  اطہر شاہ خان 1957 میں کراچی منتقل ہوئے۔
انٹرنیٹ پر دستاب معلومات کے مطابق اطہر شان خان نے ابتدائی تعلیم لاہور میں حاصل کی اور  کراچی کے اُردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا۔انہوں نے ماسٹرز  پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔
اطہر شاہ  کے مشہور ڈراموں میں ’انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، با اَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر شامل ہیں۔
2001 میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین بھی 'انکل جیدی' کے انتقال پر غمزدہ ہیں اور ان کے ڈراموں کے کلپ شیئر کررہے ہیں۔
ان کا ایک ویڈیو کلپ کافی شیئر کیا جا رہا ہے جس میں وہ دلچسپ انداز میں مزاحیہ شاعری کررہے ہیں۔

 
عدنان نامی توئٹر صارف نے لکھا کہ 'میرے بچپن کا ایک حصہ ایسا ہے جو میں نے ان کے ساتھ  بانٹا ہے جب ہماری تفریح کا  واحد ذریعہ پی ٹی وی ہوتا تھا۔  اتنا عرصہ مجھے یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اطہر شاہ اورجیدی انکل ایک ہی شخص کے دو کردار ہیں۔'

ایک اور صارف بینا سرور نے لکھا کہ ا'طہر شاہ خان صاحب میں ہمیشہ آپ کو ایک ہبلی ببلی جیدی انکل کے طور پر ہی یاد رکھنا چاہوں گی جیسے میں نے ہمیشہ ۤپ کو دیکھا ہے ویسے ہی۔'

 

شیئر: