Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام میں گاڑیوں کا خودکار سینیٹائزنگ یونٹ

ریجن میں مزید گیٹس نصب کیے جائیں گے (فوٹو، ایس پی اے)
کورونا سے حفاظت کی خاطر مشرقی ریجن کی بلدیہ نے گاڑیوں کو سینیٹائز کرنے کےلیے اپن نوعیت کا پہلا سینیٹائزنگ گیٹ شاہراہ پر نصب کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے بلدیہ کے ریجنل ترجمان محمد الصفیان کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہےکہ گاڑیوں کو خودکارانداز میں سینیٹائز کرنے کےلیے بنایا جانے والا گیٹ جدید ترین ٹیکنالوجی پرمشتمل ہے۔

گیٹ میں نصب حساس سینسرزلگائے گئے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)

بنائے جانے والے گیٹ میں انتہائی حساس سینسرز لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں کی آمد کے ساتھ ہی سسٹم کو آن کردیتے ہیں جس سے مخصوص نوزلز کے ذریعے جراثیم کش مواد گاڑیوں پر اسپرے کیاجاتاہے۔
خود کار سینیٹائزنگ گیٹ کے بارے میں ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’گیٹ پانچ میٹربلند اور سات میٹرچوڑا ہے منسلک ٹینک کی گنجائش 600 لیٹر ہے جس مںی جراثیم کش مواد اسٹور کیاجاتا ہے ٹینک 16 مربع میٹر پر محیط ہے، خودکار گیٹ سے فی سیکنڈ 2 لیٹر جراثیم کش مواد کا سپرے کیاجاتا ہے۔
دمام شہر میں اپنی نوعیت کا واحد سینٹائزنگ گیٹ شاہ سعود بن عبدالعزیز شاہراہ پر نصب کیا گیا ہے جبکہ مستقبل قریب میں اس قسم کے مزید گیٹ بھی دیگر شاہراہوں پرلگائے جائیں گے۔
بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیٹ کی تنصیب کا بنیادی مقصد لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کی خاطر کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو ہر طرح سے محفوظ کیاجائے تاکہ اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

کورونا سے حفاظت کےلیے بلدیہ کی جانب سے سپرے مہم جاری ہے(فوٹو،ایس پی اے)

واضح رہے دمام میں سب سے پہلے مارکیٹوں میں شاپنگ ٹرالیوں کی سینیٹائزنگ کےلیے خودکار یونٹ بھی نصب کیاگیا تھا بعدازاں دیگر صوبوں میں بھی اس قسم کے یونٹس نصب کیے گئے۔

شیئر: