Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انوشکا کی شارٹ پِچ ڈیلیوری پر کوہلی کی محتاط بیٹنگ

کوہلی اور انوشکا ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصے سرگرم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کے پیش نظر انڈیا میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے بالی وڈ سٹارز اور کھلاڑی اپنا زیادہ تر وقت گھر پر ہی گزار رہے ہیں۔ اپنے فینز کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے یہ سٹارز مختلف طریقے اپنا رہے ہیں۔ 
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ معروف فلم سٹار انوشکا شرما ان دنوں سوشل میڈیا پر بہت سرگرم ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران دونوں کی بنائی گئی مختلف دلچسپ ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر بے حد مقبولیت حاصل کی ہے، کبھی انوشکا وراٹ کوہلی کی ہیر سٹائلسٹ بن جاتی ہیں تو کبھی وہ کوہلی کو طنزاً چوکا مارنے کو کہتی ہیں۔
دونوں کی ایک تازہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو گھر کے ٹیرس پر کرکٹ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وراٹ کوہلی کے ایک مداح نے ایک منٹ 14 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں انوشکا شرما بیٹنگ کر رہی ہیں جبکہ وراٹ کوہلی انہیں بولنگ کرا رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوہلی انوشکا سے بیٹ لے کر گلوز پہنتے ہیں اور پھر بیٹنگ شروع کر دیتے ہیں جبکہ انوشکا بولنگ اینڈ سنبھال لیتی ہیں اور کوہلی کو ایک شارٹ پچ ڈیلیوری کراتی ہیں تاہم کوہلی اسے محتاط انداز میں کھیل لیتے ہیں۔ اس کِلپ میں ایک تیسرا شخص بھی موجود ہے جو فیلڈنگ کر رہا ہے۔

کوہلی نے انوشکا کی ویب سیریز کی زبردست تعریف کی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس سے قبل وراٹ کوہلی نے انوشکا شرما کی ویب سیریز 'پاتال لوک' کی زبردست تعریف کی۔ اس سیریز کی پروڈیوسر بھی انوشکا شرما خود ہی ہیں۔
وراٹ کوہلی نے لکھا کہ 'میں نے پاتال لوک کا پورا سیزن دیکھا ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ قصہ گوئی کا ایک 'شاہکار' ہے، اس میں زبردست اداکاری کی گئی ہے۔'
ان کے مطابق 'مجھے اپنے پیار انوشکا پر فخر ہے جنہوں نے اتنی شاندار سیریز تیار کی ہے۔ ان کی ٹیم نے بھی بہت محنت کی ہے۔'

وراٹ کوہلی اور انوشکا کی کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)

یاد رہے کہ انوشکا شرما آخری مرتبہ آنند رائے کی فلم 'زیرو' میں نظر آئی تھیں جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کے ہیرو شاہ رخ خان تھے جبکہ کترینہ کیف نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 

شیئر: