Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی، 9 کویتی گرفتار

قانون کی خلاف ورزی پر تین ماہ قید اورجرمانے کی سزائیں سنائی گئیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کویت کے سکیورٹی حکام نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ احتیاطی تدابیر کی کھلی خلاف ورزی پر 9 کویتی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
زیر حراست شہریوں نے نہ صرف فخریہ اجتماعی تقریب منعقد کی بلکہ اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئرکی تھی۔
کویتی جریدے الانبا نے بتایا کہ وڈیو کلپ میں کویتی شہری اور ان کے بچے تقریب میں بڑی تعداد میں نظر آرہے تھے۔
الظہر مقام پر واقع ایک مکان میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔ سب لوگ قانون کی خلاف ورزی کرکے ’بریانی‘ سے لطف اٹھا رہے تھے۔
 بیان میں بتایا گیا کہ اجتماعی تقریب کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پولیس نے سراغرسانوں کی مدد سے وڈیو بنانے اور جاری کرنے والوں کا پتہ لگالیا۔ انہیں تھانے میں طلب کرکے پوچھ گچھ کی گئی اور قانون کی خلاف ورزی پر تین ماہ قید اورجرمانے کی سزائیں سنا دی گئیں۔
کویتی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے پھیلنے میں اجتماعات اور تقریبات بڑا خطرناک کردارادا کررہی ہیں جو شخص بھی وائرس سے بچنے کے لیے صحت کے حکام کی جانب سے مقرر حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
کویتی قانون کے بموجب خلاف ورزی کی سزا 3 ماہ تک قید اور 50 سے لے کر 200 دینار تک جرمانہ ہے۔ دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: