Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میری 'کسی کھلاڑی سے ملاقات نہیں ہوئی‘

کسی مشہور اداکار یا کھلاڑی سے ملاقات ہو جانا ایک الگ ہی بات ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
کبھی کبھی بہت سی چیزیں اتنی اچانک ہوتی ہیں جن کے ہو جانے کا یقین تو دور تک نہیں ہوتا جیسے بن بلائے مہمان کا آ جانا یا پھر سفر کے دوران کسی جان پہچان والے سے اتفاقاً ملاقات ہو جانا اور کسی پرانے دوست کا مل جانا۔
ایسے واقعات تو سننے کو ملتے رہتے ہیں مگر کبھی کسی مشہور سٹار، اداکار یا کھلاڑی سے ملاقات ہو جانا ایک الگ ہی بات ہے۔ 
شاید اس لیے بھی کہ جن لوگوں کو ہم خود سے بہت دور سمجھتے ہیں اور ہمیشہ ٹی وی یا اخبارات میں دیکھتے ہیں انہیں یک دم سامنے دیکھنا واقعی مختلف اور حیرت انگیز ہو سکتا ہے۔
اگر ایسا ہو جائے تو اکثر لوگ صدمے سے ہی باہر نہیں آ پاتے تو کچھ  کنفیوژن میں ایسی حرکات کر جاتے ہیں کہ وہ ملاقات عمر بھر کے لیے یاد بھی رہ جاتی ہے اور جب بھی یاد آتی ہے تو ہنسنے کی وجہ بھی بن جاتی ہے۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ ہینڈل چینج آف پیس نے سوشل میڈیا صارفین سے پوچھا کہ کسی کھلاڑی کے ساتھ اپنی ہونے والی ملاقات کی کہانی بتائیں، بہترین کہانی پر اس ہفتے پوڈ کاسٹ بنایا جائے گا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس سوال کے جواب میں بھی حیرت انگریز کہانیوں کا ذکر کیا جس میں کئی دلچسپ ملاقاتوں کا احوال بھی تھا۔
ٹوئٹر ہینڈل مولانا نے ٹویٹ کی کہ ’ہم کراچی کسی فیملی کے گھر ملنے گئے  پارک ٹاورز کے باہر شعیب اختر کو دیکھا اور میں چلائی ابو دیکھیں دیکھیں ثقلین مشتاق ۔ یہ سن کر وہ ہماری طرف مڑے اور ابا کو کہا کہ 'کیا سکھاتے ہیں انہیں آپ اور چل پڑے۔‘

رمیز غوری نے لکھا کہ ’میں 2008 میں لمز یونیورسٹی میں محمد یوسف سے ٹیبل ٹینس میچ ہار گیا وہ اس وقت اپنے ٹورنامنٹ کے بعد سپورٹس کمپلیکس دیکھنے آئے تھے بعد میں پتا چلا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے بہترین کھلاڑی تھے۔‘

ڈاکٹر حسن زاہد نے لکھا کہ ’میں کراچی سے ہیتھرو کی فلائٹ کے دوران مشتاق احمد سے ملا، ہم ایک ہی جہاز میں اکھٹے سفر کر رہے تھے لیکن عجیب یہ تھا کہ وہ پورے جہاز میں ننگے پاؤں گھوم رہے تھے۔‘

ایسے صارفین جن کی زندگی میں ایسا موقعہ ابھی تک نہیں آیا انہوں نے اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا۔ زینب رضوی نے لکھا کہ ’ایک میں ہی ہوں جس نے آج تک کسی کھلاڑی سے ملاقات نہیں کی جبکہ میرے شوہر اتنے کھلاڑیوں سے مل چکے ہیں۔‘

سرمد زیدی نے لکھا کہ 'وہ اور ان کی کزن لندن میں ایک مسجد کے باہر ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی سے ملے، میری کزن شاہد آفریدی سے بات چیت کر رہی تھی جب شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ثقلین بھائی ہیں یہ بھی ہمارے ساتھ کھیلتے ہیں۔‘

 

شیئر: