Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سے ایک اور پرواز 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی

گزشتہ روز دمام سے بھی دو پروازوں کے ذریعے 260 افراد گئے تھے.(فوٹو اردونیوز)
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے روانہ ہو کرکراچی پہنچ گئی ہے. اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان  بھیجا گیا ہے. 
قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے رخصت کیا. 
حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے. یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی. اب تک خصو صی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے.

قونصل جنرل خالد مجید  نے مسافروں کو رخصت کیا. (فوٹو اردونیوز)

ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے. گزشتہ روز دمام سے بھی دو پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے.
خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے ، خروج نہائی اور  میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے.
 ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ  سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں.
یاد رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا ان کا خروج نہائی لگا تھا اور وہ سفری پابندیوں کے باعث یہاں پھنس گئے تھے.

سفارتخانہ اور قونصلیٹ وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں.(فوٹو اردونیوز)

بہت سے اقامہ ہولڈر ایسے ہیں جن کا ایمرجنسی کے باعث پاکستان جانا ضروری ہے.
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ ورچوئل ٹاؤن ہال اجلاس میں سعودی عرب سے واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو مرحلہ وار وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
 پاکستانی سفارتخانےاور قونصلیٹ مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متأثر ایسے پاکستانی  جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔
 

شیئر: