Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں احتجاج: 'فوج تعینات کر دیں گے'

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ریاستیں اور شہر احتجاج کو روکنے میں ناکام رہیں تو فوج تعینات کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران کہا کہ قانون پر عمل درآمد کرنے والے امریکیوں کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو متحرک کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں ریاستوں کے گورنرز سے کہا کہ مظاہروں کے مقامات پر نیشنل گارڈز کو تعینات کیا جائے۔ 
’ اگر کوئی ریاست ان اقدامات پر جو شہریوں کے جان و مال کے دفاع کے لیے کیے جاتے ہیں، سے انکار کرتی ہے تو پھر میں امریکی فوج کو تعنیات کروں گا اور ان کے لیے مسئلے کو جلدی حل کر لوں گا۔‘
امریکی صدر کے بیان کے باوجود، پیر کو ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج پر امن دکھائی دیے تاہم نیو یارک اور لاس اینجلس میں لوٹ مار کے کچھ واقعات رپورٹ ہوئے۔
ڈیموکریٹک صدراتی امیدوار جوبائیڈن نے ٹویٹ کیا کہ ’ وہ (صدر ڈونلڈ ٹرمپ) امریکی فوج کو امریکی عوام کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔‘

 امریکہ میں مظاہرے گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ ہفتے منی ایپلس میں ایک سیاہ فام امریکی جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔
ان پر الزام تھا کہ ایک گراسری سٹور پر جارج فلوئیڈ نے دو دفعہ 20 ڈالر کے جعلی بل کے ذریعے خریداری کرنے کی کوشش کی۔
جارج فلوئیڈ کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار نے انہیں زمین پر لیٹا کر ان کی گردن پر گھٹنا رکھا تھا جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکہ میں گذشتہ ایک ہفتے سے جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف پر تشدد مظاہرے جاری ہیں۔

کئی ریاستوں میں مظاہروں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

ملک بھر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم نے مزید شدت اس وقت اختیار کی جب ٹرمپ انتظامیہ نے مظاہرے کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دیا۔
واشنگٹن ڈی سی اور ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں مظاہرین کو روکنے کے لیے حکام نے اتوار کو کرفیو لگایا تھا۔
وائٹ ہاؤس کے باہر جمعے کی رات کو ہونے والے مظاہرے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو زیر زمیں بنکر میں لے جایا گیا تھا۔

شیئر: