Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلیو بیری کا نیلا جادُو جسم میں اُتر کر بولے

بلیوبیری کیلشیئم کے ساتھ مل کر ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے (فوٹو: پیکسلز)
فِٹ سکواڈ ڈی ایکس بی کے ساتھ بطور غذائی کوچ وابستہ دیوندر بینز، جو ایک پرسنل ٹرینر بھی ہیں، آپ کے لیے لائے ہیں کچھ اہم کھانوں کے حوالے سے ایسی ہدایات جو لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔
اگرچہ یہ یقین کرنا خاصا مشکل ہے کہ دکانوں پر عام دستیاب بیر نما اور نیلی رنگت رکھنے والی ایک چھوٹی سی چیز ان صحت بخش اشیا میں سے کچھ زیادہ ہی خصوصیات رکھتی ہے جو آپ کھاتے ہیں۔
اس کو اردو میں نیل بیری اور پشتو میں غزنی توت کہا جاتا ہے جبکہ دیگر زبانوں میں بھی اپنے اپنے نام ہیں تاہم بیشتر میں نیلے رنگ کی طرف اشارہ ملتا ہے۔

 

بلیوبیریز کو مزے کے ساتھ ناشتے، سمودیز (پھلوں سے بنا گاڑھا جوس) کپ کیک، پین کیک اور کُلچے پر لگا کر کھایا جا سکتا ہے۔
یہ ہیں پانچ نکات جن سے پتا چلتا ہے کہ یہ جادوئی پھل آپ کی صحت کو کیسے بہتری کی طرف لانے میں مدد دیتا ہے۔

ڈی این اے کی صحت

ہمیں اپنے جسمانی خلیوں کو نقصان سے بچانے کی ضرورت ہوتی ہے اور بلیوبیری وہ چیز ہے جو تقریباً تمام دیگر اشیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ اینٹی اوکسیڈنٹس رکھتی ہے۔
اینٹی اوکسیڈنٹس کا کام جسم میں فری ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والی ان منفی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا ہے جو ماحولیاتی آلودگی، تمباکو نوشی، الکوحل، غیر صحت مند خوراک، خلیوں کی توڑ پھوڑ، انفیکشن اور دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔
 اگر یہ تبدیلیاں بہت زیادہ ہو جائیں تو ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جس سے کئی قسم کے کینسرز اور دوسری بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

بلیوبیریز کھانے سے بڑی عمر کے افراد میں یادداشت بہتر ہوتی ہے (فوٹو: پیکسلز)

ہڈیوں کی صحت

بلیوبیری وٹامن 'کے' کا اچھا ذریعہ ہے جو کیلشیئم کے ساتھ مل کر ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ جسم میں وٹامنز کی کمی کی ایک نشانی یہ ہے کہ ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔ وٹامن کے خون کے گاڑھا ہونے یا جمنے کی صورت میں بھی مفید ہے اور دل کی صحت بہتر رکھنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

فشارِ خون اور عارضہ قلب

بلیوبیری میں پائی جانے والے اینٹی اوکسیڈنٹس کولیسٹرول کم کرنے میں بھی معاون ہے جس کی وجہ سے دل کو اپنا کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور فشار خون بھی قابو میں رہتا ہے۔
مشاہداتی تحقیق سے عیاں ہے کہ انتھکیاننز (بلیوبیریز میں پائی جانے والی سب سے اہم چیز) کی وجہ سے دل کے دورے کا بتیس فیصد تک خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

بلیوبیریز کو ناشتے, کپ کیک اور کُلچے پر لگا کر کھایا جا سکتا ہے (فوٹو: پِکرپو)

ذہنی عمر

تکسیدی دباؤ کی وجہ سے فری ریڈیکلز کا اثر دماغ پر پڑتا ہے جس سے عمر رسیدگی کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق بلیوبیریز کھانے سے دماغ کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ بڑی عمر کے افراد  میں یادداشت اور ذہنی حالت بہتر ہوتی ہے اور دو سال سے زائد عرصے تک ذہنی عمر رسیدگی سست ہو جاتی ہے۔

وزن میں کمی

آدھا کپ بلیوبیریز میں صرف چالیس حرارے (کیلوریز) پائے جاتے ہیں۔ ان کا پچاسی فیصد حصہ پانی اور فائبر پر مشتمل ہوتا ہے یہ چیزیں آپ کو سیر رکھتی ہیں اور دیر تک بھوک سے بچاتی ہیں۔
تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ بلیوبیریز میں پائی جانے والے اینتھکیانن اینٹی اوکسیڈنٹس فربہ مریضوں میں انسولین کی اثرپذیری کو ہہتر بناتے ہیں جس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

شیئر: