Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: بنگلہ دیشی رکن پارلیمان گرفتار

کویت نے اقاموں کا دھندا کرنے والوں کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں- فوٹو سوشل میڈیا
کویتی حکام نے منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ کے الزامات میں بنگلہ دیش کے رکن پارلیمنٹ کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
کویتی جریدے الرای کے مطابق کویت میں فوجداری انویسٹی گیشن محکمے کے افسران نے بنگلہ دیش کے ایک رکن پارلیمنٹ کو  حراست میں لیا ہے۔ 
بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے بتایا کہ ’انہیں کویت میں بنگلہ دیشی سفیر نے آزاد حیثیت میں منتخب رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے‘۔

کویتی حکام اب تک 1600 افراد سے پوچھ گچھ کرچکے ہیں- فوٹو سوشل میڈیا

کویتی جریدے نے رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا کہ بنگلہ دیشی رکن پارلیمنٹ پر متعدد الزامات ہیں ان میں ’انسانی سمگلنگ’، ’اقامے اور ویزوں کا کاروبار‘ اور ’منی لانڈرنگ‘ کے الزامات سرفہرست ہیں۔
کویتی جریدے نے کویت میں بنگلہ دیشی سفیر ’ایس ایم ابوالکلام‘  کا یہ بیان بھی شائع کیا ہے جس میں انہوں نے  کہا ہے کہ انہیں  رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کی اطلاع سننے کو ملی ہے اور وہ اس سلسلے میں کویتی حکام سے رابطے کررہے ہیں۔
کویتی جریدے نے بنگلہ دیشی جریدے ’ڈھاکا ٹریبیون‘ کے حوالے سے بتایا کہ بنگلہ دیشی رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کی اطلاعات کویت میں موجود بنگلہ دیشی کمیونٹی نے دی ہے۔
 رکن پارلیمنٹ  کو مشرفہ نامی علاقے میں واقع رہائش سے گرفتار کیا گیا ہے۔وہ مارچ سے لاک ڈاون کے باعث کویت ہی میں مقیم تھے۔
الیوم السابع کے مطابق حکومت کویت نے حال ہی میں اقاموں کا دھندا کرنے والے مافیا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سخت اقدامات کیے  ہیں۔اقاموں کا دھندا کرنے والی مافیا کا انکشاف کورونا بحران کے زمانے میں ہوا- حکومت کویت نے جو اقدامات کیے ہیں ان میں سے وہ بھی ہے جو نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ وزیر مملکت برائے امور کابینہ انس الصالح نے ایک ورکنگ ٹیم کی تشکیل کرکے کیا ہے جس کے سربراہ وہ خود ہیں۔ ورکنگ ٹیم کو اقاموں کے کاروبار کے رواج کے خاتمے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ورکنگ ٹیم کے سربراہ وزیر داخلہ ہیں جبکہ محکمہ افرادی قوت کے سربراہ احمد الموسی، معاون سیکریٹری داخلہ میجر جنرل خالد الدیین، ڈائریکٹر انویسٹی گیشن میجر جنرل ڈاکٹر فہد الدوسری سمیت متعدد اداروں کے سربراہ ٹیم کے رکن ہیں۔
کویتی حکام اب تک 1600 افراد سے پوچھ گچھ کرچکے ہیں۔ ان سے معلوم کیا گیاہے کہ ان کے کفیل کون ہیں وہ کویت کس طرح پہنچے اور انہوں نے کویت آنے کے لیے کس کو کتنی رقم دی۔

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: