Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت کے شعبے میں معطل خدمات اور سرجری بحال

ماسوائے ہنگامی حالت کے پلاسٹک سرجری کا عمل بند رہے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کی  وزارت صحت و تحفظ نے اتوار 21 جون سے صحت شعبے میں معطل خدمات کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان کیا ہے۔
وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کووڈ 19 کی صورتحال کے تناظر میں معمول کی کئی صحت خدمات معطل تھیں۔ اب انہیں سخت اور مکمل حفاظتی اقدامات کے تحت بحال کیا جارہا ہے جس کے دوران مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھا جائے گا۔
بیان کے مطابق بحال کی جانے والی خدمات میں آؤٹ پیشنٹ وزٹس اور معمول کے آپریشن شامل ہیں تاہم تمام ہسپتالوں میں ماسوائے ہنگامی حالت کے پلاسٹک سرجری کا عمل بند رہے گا۔
وزارت کے مطابق جن صحت شعبوں میں خدمات بحال کی جارہی ہیں ان کا تعلق امراض قلب ، بچوں کے امراض ، جنرل سرجری ، گا ئنا کالوجی اور دیگر سے ہے۔
دریں اثنا دبئی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ جنرل اینستھیسیا دے کر مختلف قسم کے آپریشن کیے جاسکتے ہیں۔ جنرل اینستھیسیا کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے سے زیادہ کا ہوتا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی محکمہ صحت نے بتایا کہ یہ فیصلہ ریاست میں مختلف اقتصادی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے فیصلے کے پہلو بہ پہلو کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ  صحت و سلامتی کی بابت احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کی مکمل پابندی کی جائے۔

آپریشن سے قبل مریض کا کورونا ٹیسٹ  لیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)

دبئی محکمہ صحت نے ریاست میں تمام نجی اداروں کو مختلف قسم کے آپریشنوں سے متعلق ضروری ضوابط سے بھی آگاہ کردیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا  ہے کہ کسی بھی مریض کے آپریشن کا فیصلہ کرنے سے قبل اس بات کا اطمینان اچھی طرح سے کرلیا جائے کہ وہ نئے کورونا وائرس کا مریض نہ ہو۔
دبئی محکمہ صحت نے تاکید کی ہے کہ آپریشن سے قبل مریض کے اس کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ معتبر ہوگا جو آپریشن سے  72 گھنٹے قبل کیا گیا ہو۔ علاوہ ازیں ہر آپریشن کے بعد تھیٹرکی مکمل صفائی اور آپریشن روم کو مقررہ نظام الاقات کے مطابق سینیٹائز کرتے رہنا ہوگا۔
دبئی محکمہ  صحت نے توجہ دلائی ہے کہ اجازت نامے پر عمل درآمد اتوار 21 جون  سے شروع کردیا گیا ہے۔

شیئر: