Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پلازمہ تھراپی سے کورونا کا علاج، بہتر نتائج آنے لگے

 دمام کے ہسپتالوں میں پلازمہ ٹرانسفر کے ذریعے علاج کیاجارہا ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پلازمہ کے ذریعے کورونا کے علاج کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ کووڈ 19 کے ابتدائی سٹیج والے مریضوں کے لیے تجرباتی بنیادوں پر پلازمہ کے ذریعے علاج کیاجارہا ہے۔
ویب نیوز سبق کے مطابق وزرات صحت کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پلازمہ ٹرانسفر کے ذریعے علاج میں کافی پیش رفت ہورہی ہے تاہم ایسے مریض جو ابتدائی حالت میں ہیں ان میں علاج کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
 دمام کے شاہ فہد اسپیشلسٹ ہسپتال کے ڈائریکٹر شعبہ اورام (ٹیومر) کا کہنا ہے کہ ریجن کے 18 ہسپتالوں میں پلازمہ ٹرانسفر کے ذریعے علاج کیاجارہا ہے۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اب تک 80 مریضوں پر پلازمہ ٹرانسفر کے ذریعے تجربات کیے جارہے ےہیں جبکہ ہسپتال کے شعبہ عطیات کے پاس 400 پلازمہ ڈونرز رجسٹرڈ ہیں جو اپنا خون دینے کےلیے رضاکارانہ طور پر تیار ہیں۔
دریں اثنا اخبار 24 کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ایک 88 سالہ خاتون کے صحتیاب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ مریضہ کو مکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے رخصت کردیا گیا تاہم انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھر میں خود کو دوہفتوں تک کورنٹائن رکھیں۔

مملکت میں کورونا وائرس کا شکار معمر افراد کا تناسب 3 سے 9 فیصد ہے(فوٹو سبق)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کا شکار معمر افراد کا تناسب 3 سے 9 فیصد ہے جن میں سے بیشتر دیگر مہلک امراض میں بھی مبتلا ہیں۔
شاہ عبدالعزیز نیشنل گارڈ ہسپتال کے کورونا سپیشل وارڈ کے نگران پروفیسر سامی الیامی کا کہنا ہے کہ معمر افراد میں کورونا وائرس کی علامات جن میں کھانسی ، سانس کا مسئلہ یا بخار یک دم ظاہر نہیں ہوتا بلکہ ان میں غصہ ، چڑچڑا پن اور بھوک کی کمی کے بعد ایک دم سے نیم بے ہوشی اور دماغی غیر حاضری کے علامات سامنے آتی ہیں۔

شیئر: