Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 230 دکانیں سیل

گھر سے باہر ماسک استعمال کرنا لازمی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنےپرجدہ میں بلدیہ کی ٹیمیوں نے 230 دکانیں سیل کردیں جن میں 42 باربرشاپس بھی شامل ہیں۔ تفتیشی ٹیموں کی جانب سے دکانوں کے مالکان پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
بلدیہ کے ریجنل سیکرٹری محمدابراہیم الزھرانی نے سبق نیوز کو بتایا کہ وزارت صحت کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے دکانوں میں سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے جبکہ دکانوں پر کام کرنے والوں کو مستقل بنیادوں پر ماسک پہنے رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔


مقررہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے بلدیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تاکہ ایس او پیز پرعمل نہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
الزھرانی نے مزید بتایا کہ گزشتہ 2 دنوں میں بلدیہ کی خصوصی ٹاسک فورس نے 4 ہزار 30 دورے کیے جن میں باربرشاپس کے علاوہ مختلف شعبوں کی تجارتی مارکیٹس اور دکانیں شامل تھیں۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیاہے جبکہ سماجی فاصلے کے پابندی کرنا بھی ضروری ہے اس ضمن میں ان دکانوں یا سپراسٹورز میں جہاں لوگوں کی آمدورفت زیادہ ہوتی ہے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کویقینی بنانے کےلیے اہلکاروں کو متعین کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔
مارکیٹوں کے علاوہ سرکاری اداروں اور عوامی مقامات پر قطار میں کھڑے ہونے کے لیے نشانات بھی لگائے گئے ہیں تاکہ لوگ ان نشانات کو دیکھتے ہوئے ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں ۔

مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے لیے نشانات لگائے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

بلدیہ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو وقتا فوقتا مارکیٹوں اور محلوں کا دورہ کرکے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔
 

شیئر: