Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور دمام سے چار پروازیں ، مزید 902 پاکستانیوں کی واپسی

 74 پروازوں سے 14 ہزار 500  پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔(فوٹو اردونیوز)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سنیچر 27 جون کو ریاض اور دمام سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز( پی آئی اے) کی چار پروازوں سے 902 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ’ سنیچر کو دمام سے پہلی پرواز 243 ، دوسری پرواز 255  مسافروں کو لے کر اسلام آباد جبکہ تیسری پرواز 264 افراد کو لے کر لاہور روانہ ہوئی ہے‘۔
بیان کے مطابق’سنیچر کو ہی چوتھی پرواز کے ذریعے ریاض سے 140 مسافر پشاور گئے ہیں‘۔
یکم مئی سے اب تک ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ سے چلائی جانے والی 74 پروازوں کے ذریعے تقریباً 14 ہزار 500 سے زیادہ پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 16جون کے بعد سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارت حانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
 قونصلیٹ ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ سے پی آئی اے کی 29 پروازوں کے ذریعے تقریباً چھ  ہزار دو سو سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
ریاض اور دمام سے 45 خصوصی پروازوں کے ذریعےآٹھ ہزار 338 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ 

چوتھی پرواز کے ذریعے ریاض سے 140مسافر پشاور گئے ہیں(فوٹو اردونیوز)

 ریاض میں سفارت خانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: